ایران امریکا کشیدگی: ایران کا بھی آبنائے ہرمز میں فوجی مشقوں کا اعلان

ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے آبنائے ہرمز فوجی مشقوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکی جہاز ایرانی سمندری حدود میں آئے تو ان پر حملہ کریں گے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب گارڈز کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی جہاز ایرانی سمندری حدود میں آئے تو حملہ کریں گے۔

انقلابی گارڈز کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی صدر گفتگو زیادہ کرتے ہیں، جنگ کا فیصلہ میدان میں ہوگا۔

دوسری جانب ایرانی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیم میں کہا گیا ہے کہ 29 جنوری تک 25 ہزار فٹ سے نیچے پرواز نہ کی جائیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی جانب بحری بیڑہ روانہ کردیا ہے، اب ایران کو چاہیے کہ سمجھوتے کی جانب بڑھے۔

عرب میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے ہماری انٹیلی جنس نے بتایا ہے کہ تہران میں موجود قیادت اس نازک وقت میں مذاکرات کرنا چاہتی ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا ہے کہ ہم نے ایران کی جانب ایک بڑا بحری بیڑہ روانہ کیا ہے جو وینزویلا میں استعمال ہونے والی فوجی قوت سے بھی بڑا ہے۔

امریکا خلیج میں بڑے پیمانے پر فوجی اثاثے منتقل کر رہا ہے، غیرملکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ

امریکی اہلکاروں کے مطابق امریکی حملہ آور فورس طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس-ابراہم لنکن کے زیر اثر مشرق وسطیٰ روانہ کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی بحری بیڑے کی مشرق وسطیٰ آمد سے ایران کی استقامت پر کوئی فرق نہیں پڑا ہے اور ہم آج بھی ایرانی قوم کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔

سعودی عرب نے ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت، اشتعال انگیزی کو مسترد کردیا۔

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔

اس حوالے سے تہران سے ایرانی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ عالمی قانون کے تحت جنگ روکنے کی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران اب بھی جنگ سے بچاؤ کے کسی بھی اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے۔ ایران کے خلاف امریکی دھمکیوں سے خطے میں عدم استحکام کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ امریکا کی دھمکیاں اور نفسیاتی حربے خطے کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کےلیے ہیں، اسلامی ممالک کا اتحاد خطے میں پائیدار سلامتی، استحکام اور امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت اور اشتعال انگیزی کو مسترد کرتا ہے۔

ایرانی کرنسی کی قدر میں ریکارڈ کمی ہوگئی، ایرانی کرنسی ٹریکنگ ویب سائٹس کا کہنا ہے کہ ایک ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال 15 لاکھ کا ہوگیا۔

تہران سے خبر ایجنسی کے مطابق آج ایران میں ایک ڈالر 15 لاکھ ایرانی ریال کے برابر آگیا ہے، ایرانی معیشت کو مسلسل امریکی اور یورپی پابندیوں کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ ایران میں کرنسی کی قدر میں کمی سے ہونے والی مہنگائی کے خلاف کچھ روز پہلے احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے تھے، جو دو ہفتے جاری رہے تھے۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *