بالی ووڈ مزاحیہ اداکار راج پال یادو نے حالیہ ایوارڈ شو میں پیش آنے والے تنازع پر خاموشی توڑتے ہوئے وضاحت دی ہے کہ وائرل ہونے والا واقعہ پہلے سے طے شدہ تھا۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب ایک ایوارڈ تقریب کے دوران سوربھ دویویدی نے لائیو سیشن میں راج پال یادو کے چیک باؤنس کیس پر مزاحیہ تبصرہ کیا، جس پر موقع پر موجود حاضرین نے قہقہے لگائے، تاہم ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد میزبان کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
راج پال یادو نے سوشل میڈیا پر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ پورا حصہ میرے، ذاکر خان اور سوربھ دویویدی کے درمیان پہلے سے اسکرپٹڈ تھا، جس کے بعد اس معاملے پر جاری قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا۔
انہوں نے دونوں میزبانوں کو اپنے چھوٹے بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ ان کا احترام کرتا آیا ہوں اور تقریب کے دوران سوربھ دویویدی نے حاضرین سے کھڑے ہو کر میرے لیے تالیاں بجانے کو بھی کہا تھا۔
اداکار نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ میزبانوں کو تنقید کا نشانہ نہ بنائیں اور منفی رویہ اختیار کرنے سے گریز کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ سوربھ کا دل دکھانا میرے دل کو دکھانے کے برابر ہے۔
راج پال یادو نے اپنے پیغام کے اختتام پر مداحوں، سوربھ دویویدی اور ذاکر خان سے محبت اور تشکر کا اظہار بھی کیا، جبکہ دونوں میزبانوں نے بھی ان کے بیان پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے ان کے لیے اپنی محبت اور احترام کا اظہار کیا۔
دریں اثنا، بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے بھی راج پال یادو کی حمایت کرتے ہوئے فلم انڈسٹری میں ان کی خدمات کو سراہا۔
بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان مزاحیہ اداکار راج پال یادو کی حمایت میں سامنے آگئے، بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں ایک ایوارڈ تقریب کے دوران راج پال یادو کو طنزیہ جملے کا سامنا کرنا پڑا جس پر مداحوں میں غصہ پایا گیا۔
چیتک اسکرین ایوارڈز میں جب راج پال یادو عالمی کرنسیوں میں اتار چڑھاؤ پر بات کر رہے تھے تو میزبان نے مزاحیہ انداز میں مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ راج پال بھائی، ڈالر اور روپے کی قیمت چاہے جتنی بھی اوپر نیچے ہو، آپ کو واپس وہی رقم کرنی پڑے گی جو آپ نے لی ہے۔
اس واقعے کے بعد سلمان خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ راج پال یادو گزشتہ 30 برس سے انڈسٹری میں کام کر رہے ہیں اور سب ان کے ٹیلنٹ اور منفرد صلاحیتوں سے واقف ہیں، اسی لیے انہیں مسلسل کام ملتا رہے گا۔
سلمان خان نے مزید کہا کہ بعض اوقات باتیں بہاؤ میں کہی جاتی ہیں، اس لیے انہیں نظر انداز کرتے ہوئے اپنے کام پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈالر کی قدر میں کمی بیشی سے زیادہ فرق نہیں پڑتا کیونکہ کمائی اور ذمہ داریاں آخرکار ملک کے اندر ہی رہتی ہیں۔
واضح رہے کہ راج پال یادو حال ہی میں ایک بڑے قانونی معاملے کا سامنا کر چکے ہیں اور چیک باؤنس کیس میں انہیں تہاڑ جیل بھی جانا پڑا تھا، بعد ازاں عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کیا تھا۔










Post your comments