بلوچستان کے ضلع کچھی میں موسلادھار بارش کے باعث کوئٹہ سبی شاہراہ بند ہوگئی۔
بارش سے بولان ندی میں سیلابی ریلہ آیا جس سے بی بی نانی پل کو نقصان پہنچا ہے۔حکام کے مطابق بی بی نانی کے مقام پر کوئٹہ سبی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کچھی نے کہا ہے کہ مسافر کوئٹہ سے سبی کے لیے سفر نہ کریں۔
کراچی میں بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
لیاری، کھارادر، صدر، اولڈ سٹی ایریا، گارڈن، کورنگی، لانڈھی، سرجانی، نیو کراچی، نارتھ کراچی، کیماڑی، ماڑی پور، سائٹ ایریا، نارتھ ناظم آباد اور پاپوش سمیت دیگر علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق نشیبی علاقوں میں حفاظتی اقدامات کے تحت بجلی عارضی طور پر بند کی جاسکتی ہے، صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور فیلڈ اسٹاف الرٹ پر ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور بارش کے دوران برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کی جائے، مختلف علاقوں میں بارش کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ادارے کی قیادت اور عملہ متحرک ہے، صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، 2100 میں سے 1750 سے زائد فیڈرز سے بلاتعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے۔
خیبرپختونخوا کے محکمۂ ہائیر ایجوکیشن نے ونٹر زون میں کالجز اور یونیورسٹیز کو بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کالجز اور یونیورسٹیز 19 سے 25 اگست تک بند رکھے جائیں۔ اقدام طلباء، اساتذہ اور اسٹاف کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق جامعات و کالجز تدریسی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے آن لائن طریقہ کار اپنا سکتے ہیں۔ وزیر ہائیر ایجوکیشن مینا خان آفریدی کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں اعلیٰ تعلیم کی مد میں ریلیف دینے کے لیے منصوبہ بندی کی ہے، سیلاب کی وجہ سےطلباء کو آسانی اور سہولیات کی کمی محسوس نہیں ہونے دیں گے۔دوسری جانب ضلع مالاکنڈ میں سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے آج سے ایک ہفتے کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ فیصلہ بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔سوات میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے سرکاری ونجی اسکول 25 اگست تک بند رہے گے۔

























Post your comments