پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے کہا ہے کہ سی پیک، بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کا ایک ابتدائی اور اہم منصوبہ ہے، سی پیک کے تحت 25.4 ارب ڈالرز کی براہِ راست سرمایہ کاری ہو چکی ہے، سی پیک خوش حال مستقبل کی ضمانت ہے۔چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے زرعی اسکالر شپ پروگرام سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات درست سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے عہدہ سنبھالنے کے چند ماہ بعد چین کا کامیاب دورہ کیا، انہوں نے اپنے دورے میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات چیت کی اور مختلف امور پر اتفاقِ رائے پایا گیا۔جیانگ ژی ڈونگ کا کہنا ہے کہ صدر شی جن پنگ ہمسایہ ممالک سے تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں، انہوں نے 2013ء میں ہمسایہ ممالک سے سفارتی پالیسی کا بنیادی اصول پیش کیا۔جیانگ ژی ڈونگ نے یہ بھی کہا کہ ہمسایہ ممالک سے سفارتی پالیسی کا مقصد دوستانہ اور شراکت دارانہ تعلقات کو فروغ دینا ہے، ہمارا مقصد خوش گوار، محفوظ و خوش حال ہمسائیگی کے اصولوں کو برقرار رکھنا ہے، چین خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں پاکستان کی بھرپور حمایت کرے گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین نے ہر موقع پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں بھی چین کا کردار مثالی تھا۔
اسلام آباد میں زرعی اسکالرشپ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے زرعی گریجوایٹس اعلیٰ تعلیم کے لیے چین جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چین سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کے تجربات سے فائدہ اٹھائے گا، پاکستانی طلباء کو اسکالرشپ دینے پر چینی حکومت کے مشکور ہیں۔وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ زرعی یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق نے متاثر کیا، اپنے دورۂ چین میں وہاں زرعی یونیورسٹی کا دورہ کیا، پاکستانی طلباء بیجنگ اور اسلام آباد کے درمیان پُل کا کردار ادا کریں گے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار اہم ہے، اسکالرشپ پروگرام کے لیے زرعی گریجویٹس کا میرٹ پر انتخاب کیا، زرعی گریجویٹس کا انتخاب آزاد کشمیر، جی بی اور چاروں صوبوں سے کیا۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسکالر شپ پر چین جانے والے گریجویٹس میں بلوچستان کا کوٹہ 10 فیصد سے زائد ہے۔
Post your comments