قطر میں پاک افغان سمجھوتے کے بعد افغانستان کے علاقے اسپین بولدک میں پھنسے خالی ٹرک چمن کے راستے پاکستان میں داخل ہوگئے۔
افغان شہریوں کو افغانستان لے جانے والے ٹرک بھی افغانستان میں داخل ہوئے تھے۔ پاک افغان چیمبرز آف کامرس حکام کے درمیان تجارت بحالی کے لیے اسپین بولدک میں مذاکرات ہوئے تھے۔چمن چیمبرز آف کامرس، پاک افغان جوائنٹ چیمبرز اور قندھار چیمبرز آف کامرس کی مشترکہ کوششوں کے بعد اسپین بولدک میں پھنسےخالی مال بردار ٹرکوں کے لیے پاک افغان بارڈر کھولا گیا۔ حکام کے مطابق سیکڑوں خالی کنٹینرز اور ٹرکوں کو باب دوستی کے بجائے گیٹ 4 سے واپسی کی اجازت دی گئی۔اس حوالے سے چمن چیمبرز آف کامرس حکام کا کہنا ہے کہ 2 ہزار کے قریب پاکستانی ڈرائیور اور معاون عملہ اسپین بولدک میں پھنس گیا تھا۔پاک افغان کشیدگی کے باعث چمن میں باب دوستی پر تجارت نو روز سے بند ہے۔دوسری جانب طورخم بارڈر پر تجارتی راہداری کی بحالی کے لیے بھی تیاری جاری ہیں۔کسٹم ذرائع کے مطابق کارگو گاڑیوں کی کلیئرنس کیلئے اسکینر طورخم ٹرمینل پہنچادیا گیا ہے، عملے کو بھی فوری طور پر طورخم ٹرمینل پہنچنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔قطر کے دارالحکومت دوحا میں پاک افغان امن معاہدے کے بعد سب سے بڑی پیشرفت کے تحت چمن کے مقام پر پاک افغان سرحد کو جزوی طورپر کھول دیا گیا۔مقامی ذرائع کے مطابق افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی خالی گاڑیوں اور ٹرکوں کو افغانستان سے پاکستان میں داخلے کی اجازت مل گئی تاہم پیدل چلنے والوں کو ابھی تک سرحد پار کرنے کی اجازت نہیں ملی۔افغان ڈرائیورز کے لیے پاسپورٹ اور ویزا لازمی قرار دیا گیا ہے‘مقامی ذرائع کے مطابق گاڑیوں کی بڑی تعداد چمن کے مقام پر پاکستان میں داخل ہو رہی ہے‘ پاکستان سے افغانستان بھیجے جانے والے مہاجرین کو بھی سرحد پار بھیجا گیا۔صدر انجمن تاجران چمن محمد صادق نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اجازت عارضی طور پر دی گئی ہے۔ صباح نیوز کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان اسپین بولدک بارڈر کراسنگ دوبارہ کھول دی گئی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق فی الحال سرحد صرف تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھولی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چند حساس معاملات کے باعث عام شہریوں کی پیدل آمدورفت کی اجازت تاحال نہیں دی گئی۔
Post your comments