روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔
کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور صدر ٹرمپ کے امن منصوبے پر گفتگو کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق مسائل کا بات چیت سے حل نکالنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔پیوٹن اور نیتن یاہو کے درمیان شام میں مزید استحکام پر بھی گفتگو ہوئی۔
سات اکتوبر 2023 کو اسرائیل سمیت دنیا کو حیران کردینے والے طوفان الاقصیٰ آپریشن اور غزہ پر مسلط اسرائیلی جنگ کو 2 سال مکمل ہوگئے۔
اسرائیلی نسل کشی میں اب تک 67 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے جبکہ 1 لاکھ 70 ہزار کے قریب زخمی ہیں۔اسرائیلی ناکہ بندی سے بیس لاکھ افراد فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ اسرائیل اعداد وشمار کے مطابق اب تک اس کے 1152 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں غزہ کھنڈر بن چکا ہے، اسپتال، مساجد ، گرجا گھر، اسکول کالجز اور تعلیمی اداروں سمیت کچھ سلامت نہیں رہا۔اسرائیلی فوج نے سویلین انفرااسٹرکچر تباہ کردیا ہے جس سے لاکھوں شہری بے گھر ہوچکے ہیں۔علاوہ ازیں اسرائیل نے ایران، قطر، لبنان، شام اور یمن پر بھی حملے کئے۔ جنگ اور تمام تر کوششوں کے باوجود اسرائیل حماس کی قید سے 48 قیدی رہا نہیں کرا سکا جس میںسے20کے بارے میں خیال ہے کہ وہ زندہ ہیں۔ حماس کے اکتوبر 2023 کے حملے میں اسرائیلیوں سمیت 1 ہزار 219 افراد مارے گئے تھے۔ دو سو اکیاون اسرائیلی گرفتار کئے گئے تھے۔غزہ میں جنگ بندی کے لیے اسرائیل سمیت دنیا بھر میں مظاہرے اور احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی کے لیے زبردست پیش رفت کررہے ہیں، توقع ہے غزہ جنگ بندی سے متعلق معاہدہ جلد ہوگا۔
وائٹ ہاؤس میں ایگزیکٹو آڈر پر دستخط کے بعد میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر نے کہا کہ حماس ان چیزوں سے اتفاق کر رہی ہے جو بہت اہم ہیں۔ تمام ممالک نے غزہ امن منصوبے کا خیرمقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ترک صدر اور اردن کے شاہ سے بات ہوئی ہے۔ نیتن یاہو سے نہیں کہا کہ یرغمالی ڈیل پر منفی رویے سے باز رہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ تجارت اور ٹیرف سے 7 جنگیں روکیں، پاکستان اور بھارت کی جنگ بھی روکی، جنگ میں 7 طیارے گرائے گئے تھے۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ فوج کی تعیناتی کے بعد واشنگٹن ڈی سی پرامن شہر بن چکا ہے۔اس سے قبل امریکی صدر نے الاسکا میں ایمبر مائننگ ڈسٹرکٹ تک رسائی کے لیے سڑک کی تعمیر کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے۔
Post your comments