فلَڈ فورکاسٹنگ ڈویژن (ایف ایف ڈی) کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 91 فیصد بھر چکا ہے۔
تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1550 فُٹ، منگلاڈیم میں 1233.90 فُٹ، خانپور ڈیم میں 1980.85 فٹ، راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751.30 فٹ جبکہ سِملی ڈیم کا لیول 2315.05 فُٹ ہے۔فلَڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق گنڈا سنگھ والا، پنجند، سدھنائی، سلیمانکی، اسلام اور میلسی سائفن پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔فلَڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کا کہنا ہے کہ گڈوو، سکھر، تریمو اور بلوکی پر درمیانے درجے کا جبکہ کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔اسی طرح دریائے چناب کے ملحقہ نالہ پلکو میں بھی درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے راوی کے نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
ہندوستان نے پھر پانی چھوڑدیا‘دریائے ستلج میں بڑے سیلاب کا الرٹ جاری
ملتان کو بچانے کی کوششیں‘ شیر شاہ بند میں شگاف ڈالنے کی تیاری مکمل‘دریائے سندھ میں شدید سیلاب کا خطرہ ‘ گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح مسلسل بلند ‘ کشمور کے کچے کے علاقے خطرے کی زد میں آگئے‘فیصل آباد میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جبکہ کراچی میں بھی دن بھربادل جم کر برسے ‘ شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ شارع فیصل، لانڈھی، ملیر، ایئرپورٹ، یونیورسٹی روڈ اور گلستان جوہر سمیت کئی علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جبکہ مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ شہرقائدمیں آئندہ ایک دو روز میں بارش کا نیا اسپیل آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے‘ پی ڈی ایم اے سندھ کے مطابق سندھ میں سیلاب سے 200 دیہات اور 2 لاکھ 24 ہزار افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق چناب کا دوسرا سیلابی ریلا ملتان میں ہیڈ محمد والا کی طرف بڑھ رہا ہے، شہر کو بچانے کے لیے شیر شاہ بند میں شگاف ڈالنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔بھارتی ہائی کمشنر نے دریائے ستلج میں ہائی فلڈ الرٹ جاری کردیا، جس کے باعث دریائے ستلج میں پھر سے بڑے سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے‘دریائے ستلج میں ہریکے اور فیروزپور کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔دریں اثنا، پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، سیکڑوں مکانات، دیہات اور فصلیں پانی میں ڈوب گئیں، دریائے چناب کا دوسرا سیلابی ریلا ملتان میں ہیڈ محمد والا کی طرف بڑھ رہا ہے‘ اکبر بند اور گرے والا بند کی بھی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ملتان کے اطراف دریائے چناب سے متصل بستیوں میں متعدد بستیوں میں 5 سے 10 فٹ پانی موجود ہے۔
Post your comments