سانحہ دریائے سوات کے حوالے سے ایگزیکٹیو انجینئر وقار شاہ نے سیلابی صورتحال پر محکموں کو بھیجے گئے میسجز انکوائری کمیٹی کو جمع کروادیے، جبکہ سیلاب کے حوالے سے ریڈنگ سمیت دیگر ریکارڈ بھی پیش کردیا۔
سانحہ دریائے سوات کے حوالے سے انکوائری کمیٹی کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ مینگورہ بائی پاس روڈ پر سیاح کیسے ڈوبے؟جس کے جواب میں ایگزیکٹیو انجینئر وقار شاہ نے بتایا کہ ساڑھے 9 بجے تک مینگورہ بائی پاس پر سیاح جس وقت دریا میں اترے اس وقت صورتحال نارمل تھی اور ڈوبنے والے سیاح دریا میں سیلفیاں لے رہے تھے۔ایگزیکٹیو انجینئر وقار شاہ نے مزید بتایا کہ 10 بجے کے بعد منگلا ور نالہ، مالم جبہ نالہ، سوخ درہ نالہ، مٹہ نالہ کا پانی دریائے سوات میں آیا۔ خواز خیلہ گیمن بریج سے 26 ہزار کیوسک پانی پونے 11 بجے واقعے کی جگہ پر پہنچا، مقامی نالوں کے پانی سے دریا میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا جس سے سیاح بہہ گئے۔انکوائری کمیٹی کی جانب سے پوچھا گیا کہ سیلابی صورتحال کیسے پیدا ہوئی؟ کیا وقت پر متعلقہ محکموں کو اطلاع دی تھی؟جس کے جواب میں وقار شاہ نے بتایا کہ خواز خیلہ میں گیمن بریج پر سیلابی صورتحال 9 بجکر 30 منٹ پر پیدا ہوئی۔ بحرین اور اطراف میں بارش ہو رہی تھی اور پہاڑوں پر کلاوڈ برسٹ ہوا، پھر دریائے سوات میں پتھروں اور مٹی والا پانی گرا اور بہاؤ میں اچانک اضافہ ہوا، دریائے سوات میں پانی میں اضافے سے ضلعی انتظامیہ اور تمام اداروں کو بروقت آگاہ کیا تھا۔ایگزیکٹیو انجینئر نے مزید بتایا کہ محکمہ آبپاشی کا گیج ریڈر موقع پر موجود تھا اور ریڈنگ متعلقہ محکموں کو بھیج رہا تھا۔
دریائے سوات میں سیاحوں کے ڈوبنے کے واقعے پر محکمہ آبپاشی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سیلاب سے متعلق تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی وارننگ جاری کردی گئی تھی۔ واقعہ شدید بارش کے باعث اچانک پانی کا بہاؤ بڑھنے سے پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق 27 جون کو خوازہ خیلہ کے مقام پر دریا کا بہاؤ چند گھنٹوں میں 6738 کیوسک سے بڑھ کر 77782 کیوسک ہوگیا تھا۔جاری کردہ رپورٹ کے مطابق محکمہ آبپاشی نے ریلے سے متعلق تمام متعلقہ اداروں کو صبح 8:41 پر وارننگ جاری کردی تھی اور اسکی ڈی سی سوات، چارسدہ اور نوشہرہ کو بھی پیشگی اطلاع دی گئی تھی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 27 جون کو واٹس ایپ پر تمام حکام کو دریا کے بہاؤ کی مسلسل اپڈیٹس دیتے رہے، صبح 10:30 بجے ہی شدید سیلاب کا انتباہ جاری کردیا تھا۔محکمہ آبپاشی کی رپورٹ کے مطابق ڈی سی، پی ڈی ایم اے، اے ڈی سی ریلیف اور دیگر اداروں کو کئی بار الرٹ بھیجے تھے، محکمہ نے بروقت ایمرجنسی کی اطلاع دے دی تھی۔رپورٹ کے مطابق خوازہ خیلہ کے مقام پر سیاح معمول کے بہاؤ میں دریا کے بیچ داخل ہوئے اور پھنس گئے، واقعہ شدید بارش کے باعث اچانک پانی کا بہاؤ بڑھنے سے پیش آیا۔ 2022 کے بعد دریا کے بہاؤ میں مٹی بھر جانے سے سیاح ندی کے اندر تک جارہے ہیں۔محکمہ آبپاشی نے اپنی رپورٹ میں ریسکیو 1122 کو فلڈ ریسکیو آلات مہیا کرنے کی سفارش کی ہے جبکہ سیاحتی علاقوں میں داخلہ محدود کرنے اور ہوٹل مالکان کو پابند بنانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔رپورٹ میں مقامی انتظامیہ کو سیاحوں کو محفوظ مقام تک محدود رکھنے کے لیے پالیسی بنانے کی تجویز دی ہے، مدین اور کالام میں اضافی ٹیلی میٹری گیجز لگانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔محکمہ آبپاشی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ہوٹل مالکان کو پابند کیا جائے کہ سیلابی جگہوں پر سیاحوں کو نہ جانے دیں۔
Post your comments