نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی لازوال قربانی کی یاد میں ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔
ملک بھر میں شبیہ علم اور ذوالجناح کے جلوس برآمد کیے جارہے ہیں، اس موقع پر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں مرکزی جلوس مقررہ راستوں پر گامزن ہیں جبکہ اس دوران سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔کراچی میں جلوس کے راستوں اور پشاور میں موبائل فون سروس بند ہے جبکہ انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی بھی شکایات ہیں۔کراچی میں جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے، مرکزی جلوس میں 5 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان فرائض انجام دے رہے ہیں۔
سندھ کے شہر سکھر کے علاقے روہڑی میں 500 سالہ تاریخی کربلائے معلیٰ کا 9 محرم کا نو ڈھالہ تعزیہ جلوس برآمد ہو گیا، جلوس یوم عاشور کی شام ختم ہو گا۔
کراچی میں 9 محرم کا جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہو گا، کراچی کے بعض علاقوں میں انٹر نیٹ سروس متاثر ہے۔لاہور میں نویں محرم کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہو گا جبکہ اسلام آباد میں نویں محرم کا مرکزی جلوس جی 6 سے برآمد ہو گا۔ملتان میں قدیمی امام بارگاہ ممتاز آباد سے علم اور تعزیہ کا جلوس برآمد ہوگا۔ڈیرہ اسماعیل خان میں آج نو محرم کا جلوس مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہو گیا ہے جو مسجد یاعلی پر اختتام پذیر ہو گا۔فیصل آباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حیدریہ امین پور بازار اے سے رات 9 بجے برآمد ہو گا۔
کراچی میں 9 محرم الحرام کے جلوس کی سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے، اس سلسلے میں جلوس کی گزرگاہوں اور اطراف میں موبائل فون سروس معطل اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے، مرکزی جلوس میں 5 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان فرائض انجام دے رہے ہیں۔اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ اور بُلند عمارتوں پر شارپ شوٹرز کو بھی تعینات کیا گیا ہے جبکہ سراغ رساں کتوں کی مدد سے جلوس کے راستوں کی چیکنگ بھی کی جائے گی۔ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑاجا رہا ہے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 1 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔ایم اے جناح روڑ، صدر، ایمپریس مارکیٹ، ریگل اور لائٹ ہاؤس کی مارکیٹیں اور دکانیں سیل کردی گئی ہیں اور جلوس کے راستوں میں آنے والی گلیوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے، سول اسپتال جانے کے لیے ڈاؤ یونیورسٹی والا راستہ کھولا گیا ہے، جن گاڑیوں پر جلوس کا اسٹیکر آویزاں ہوگا صرف انہی کو آگے جانے کی اجازت ہوگی۔تمام چھوٹی بڑی ٹریفک کو گرومندر سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ٹریفک کو سولجر بازار سے کوسٹ گارڈ یا نشتر روڈ کی جانب موڑا جارہا ہے جبکہ ناظم آباد سے آنے والے ٹریفک کو لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ اور گارڈن کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔لیاقت آباد سے آنے والے ٹریفک کو تین ہٹی اور مارٹن روڈ، جیل روڈ کی جانب موڑا جارہا ہے جبکہ سپر ہائی وے سے آنے والے ٹریفک کو لیاقت آباد 10 نمبر سے ناظم آباد چورنگی دو نمبر موڑ دیا گیا ہے۔شاہراہ قائدین سے آنے والے ٹریفک کو خداداد سگنل سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
Post your comments