شیریں اور رسیلی سفارتکاری کے تحت پاکستان نے دنیا کے اسی کے لگ بھگ ممالک کے سربراہان کو اپنے ہاں پیدا ہونے والے لذیذ اور خوشبو دار آم تحفے کے طور پر ارسال کئے ہیں ۔
متعدد ممالک نے ان کی لذت ، مٹھاس اور عمدہ ذائقے کی تعریف کرتے ہوئے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرنے لئے پیغامات بھی بھیجوائے ہیں۔ جنگ/دی نیوز کو پتا چلا ہے کہ آموں کا تحفہ بھارت کو نہیں بھیجا گیا، بنگلہ دیش سے پاکستان کو آموں کی کثیر تعداد میں ڈبوں کا تحفہ موصول ہوا ہے جو اس ملک کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس نے وزیر اعظم شہباز شریف کو بھیجا ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے حال میں ترکی اور آذربائیجان کے سربراہان سے آذربائیجان میں ملاقات کی تھی جبکہ ان سے ملاقات کرنے والوں میں ایران، کرغستان، قازقستان، ازبکستان اور ترکمانستان کے رہنماؤں نے بھی تبادلہ خیال کیا تھا۔ اس موقعہ پر بھی وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ آموں کا تحفہ انہیں پیش کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق آموں کو بڑے دیدہ زیب ڈبوں میں احتیاط سے بند کرکے بھیجا گیا ہے۔مزیدار آموں کا تحفہ ان ممالک میں قائم پاکستان کے سفارتخانوں او ہائی کمشنر کی وساطت سے بھیجا گیا ہے۔
Post your comments