وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ پاکستان کی میڈیا اطلاعات کی تردید کر دی۔
وائٹ ہاؤس حکام کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کا اس وقت پاکستان کے دورے کا کوئی شیڈول نہیں ہے۔اس حوالے سے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 18 ستمبر کو پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے جس کے دوران وہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔دفترِ خارجہ پاکستان کے ترجمان شفقت علی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ پاکستان سے متعلق علم نہیں ہے۔اس سلسلے میں برطانوی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا تھا کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ پاکستان کے شیڈول سے متعلق وائٹ ہاؤس تصدیق فراہم کر سکتا ہے۔ترجمان امریکی سفارت خانہ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اس سے متعلق اعلان کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق پاکستانی وزارتِ اطلاعات نے بھی اس سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ کے طبی معائنے سے متعلق ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیوٹ نے بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ کی ٹانگوں کے نچلے حصوں میں سوجن اور ہاتھوں پر نیل کا معائنہ ہوا ہے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ کے معالج کے مطابق وہ نسوں میں کمزوری کی علامات کا شکار ہیں، ایسی علامات عموماً 70 سال سے زائد عمر کے افراد میں ظاہر ہوتی ہیں۔ ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ کی حالیہ تصاویر میں ان کے ہاتھ کی پُشت پر معمولی نیل دیکھے گئے ہیں، ایسے نیل کے نشان بار بار ہاتھ ملانے اور اسپرین کے استعمال سے جلد کے ٹشوز میں جلن کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دل کی بیماریوں سے بچاؤ کی دوا اسپرین صدر ٹرمپ کی معمول کی دواؤں میں شامل ہے۔
Post your comments