ماحولیاتی آلودگی، موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کے لیے آذربائیجان کے شہر باکو میں ’کوپ 29‘ کا آغاز ہو گیا۔
’کوپ 29‘ میں دنیا بھر سے سینکڑوں رہنما اور ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کانفرنس آف دی پارٹیز کا 29واں اجلاس 22 نومبر تک جاری رہے گا، جس میں کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی اور گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کے طریقہ کار اور اس مقصد کے لیے مالی وسائل کی فراہمی پر بات چیت کی جائے گی۔کوپ 29 میں ترقی پزیر ممالک کو آب و ہوا کی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مالی وسائل کی فراہمی پر بات چیت ہو گی۔اسی لیے اس اجلاس کا مرکزی نکتہ مالیاتی پہلو ہے ۔آب و ہوا کی تبدیلی پر عالمی سربراہ کانفرنس سے قبل سائنس دانوں نے گلوبل وارمنگ سے متعلق تازہ ترین اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جن کے مطابق 2024ء اب تک کا گرم ترین سال بننے جا رہا ہے۔طالبان حکومت کے قیام کے بعد سے پہلی مرتبہ افغان وفد آذربائیجان میں ماحولیات سے متعلق ہونے والی کانفرنس میں افغانستان کی نمائندگی کرے گا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ترجمان افغان وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ باکو میں ہونے والی کوپ 29 سمٹ میں شرکت کے لیے نیشنل انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے اہلکاروں پر مشتمل افغانستان کا وفد کانفرنس میں شرکت کے لیے آذربائیجان پہنچا ہے۔
Post your comments