جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس پر اسرائیل نے بد ترین حملہ کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق خان یونس کے یورپی اسپتال کے احاطے میں اسرائیلی فورسز نے 9 بنکر بسٹر بم پھینک دیے جن کے پھٹنے سے کئی مقامات پر زمین پھٹ گئی۔فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق حملے میں اب تک 16 افراد شہید جبکہ 70 زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق خان یونس میں حملے میں حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا، حماس رہنما اسپتال کے نیچے زیرِ زمین کمانڈ اینڈ کنٹرول کمپلیکس میں تھے۔فلسطینی ذرائع کے مطابق یہ اسرائیل نے یحییٰ سنوار کے بھائی محمد سنوار کو قتل کرنے کی کوشش کی ہے۔بم حملوں کے باعث اسپتال کے قریب کھڑی بس زمین میں دھنس گئی۔فلسطینی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی میں بدھ کی صبح سے جاری وحشیانہ اسرائیلی بم باری سے 84 فلسطینی شہید ہو گئے۔فلسطینی وزارتِ صحت کے بیان کے مطابق 55 فلسطینیوں کو غزہ شہر اور شمالی علاقوں میں شہید کیا گیا۔عرب میڈیا نے فلسطینی وزارتِ صحت کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فورسز کے وحشیانہ حملوں میں 20 فلسطینی شہید ہوئے اور 125 دیگر زخمی ہوئے۔فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بربریت کے نتیجے میں اب تک 52 ہزار 928 فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 19 ہزار 846 زخمی ہو گئے۔
Post your comments