اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کو نشانہ بنانے کا اشارہ دیدیا۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں نیتن یاہو نے کہا کہ آیت اللّٰہ خامنہ ای کے قتل سے ایران اسرائیل تنازعہ بڑھے گا نہیں بلکہ ختم ہوجائے گا۔ ان سے پوچھا گیا کہ امریکی صدر نے آیت اللّٰہ خامنہ ای کو قتل کرنے کے منصوبے کو روک دیا تھا کیونکہ اس سے کشیدگی بڑھ سکتی ہے اور جنگ پھیل سکتی ہے۔ اس پر نتین یاہو نے کہا کہ کشیدگی بڑھے گی نہیں بلکہ تنازعہ ختم ہوجائے گا۔ اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران اس جنگ میں اسرائیل کو نیوکلیئر وار کے دہانے پر لانا چاہتا ہے اور دعویٰ کیا کہ اسرائیل اس کو روکنے کی کوشش کررہا ہے۔
پاسداران انقلاب کی ائرو اسپیس فورس نے اسرائیل کیخلاف جدید ڈرونز استعمال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
شاہد 107 نامی یہ جدید ڈرونز اہداف پر خودکش حملوں کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ان ڈرونز میں ایسا انجن نصب کیا گیا ہے جس کی مدد سے یہ ڈرونز پندرہ سو کلومیٹر بلندی پر پرواز کرسکتے ہیں۔ شاہد ایک سو سات جیسا ہی ایک ڈرون حال ہی میں اسرائیل کے ائرو تھری ائر ڈیفنس میزائل نظام کی جانب بڑھتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ایران نے اب سے کچھ دیر پہلے اسرائیل پر میزائلوں سے ایک اور بڑا حملہ کردیا ہے۔
ایران نے اسرائیل پر پھر میزائل داغ دیے، جس کی تصدیق اسرائیلی فوج نے کر دی۔
اس حوالے سے اسرائیلی فوج نے کہا کہ ایران سے اسرائیل کی جانب میزائل داغے گئے ہیں، اسرائیلی دفاعی نظام خطرے سے نمٹنے کےلیے فعال ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تل ابیب میں متعدد دھماکے سنے گئے۔ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی مقبوضہ علاقوں پر میزائل داغے ہیں۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔واضح رہے کہ ایران نے رات کو اسرائیل پر میزائلوں سے ایک اور بڑا حملہ کیا تھا، حملوں میں اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب اور حیفہ کو نشانہ بنایا گیا، حیفہ ریفائنری کی پیداوار روک دی گئی۔ایرانی میڈیا کے مطابق تازہ حملوں میں حیفہ ریفائنری کے 3 ملازمین ہلاک ہوئے جبکہ ریفائنری کی پیداوار مکمل طور پر روک دی گئی ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی شہر شیراز پر داغے گئے 20 سے زائد اسرائیلی میزائل فضائی دفاعی نظام سے تباہ کر دیے۔ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگی صورتحال کے دوران کئی اسرائیلی اپنا ملک چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ایران کے تابڑ توڑ حملوں کے بعد سے سیکڑوں اسرائیلی اپنے ہی ملک سے بھاگ گئے، اسرائیل سے جانے والوں میں کئی غیرملکی بھی شامل ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تمام افراد فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے چھوٹی کشتیوں میں قبرص روانہ ہو رہے ہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی شہریوں سمیت دیگر غیرملکی افراد اسرائیل سے نکل کر سمندر کے راستے قبرص کے جزیرے تک پہنچنے کےلیے ہزاروں ڈالر ادا کر رہے ہیں۔کچھ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی جانب سے بھی اس معاملے کی تصدیق کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حیفہ سے کشتی پر جانے والے ہر مسافر سے 800 ڈالر لیے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ اسرائیل نے جمعہ کو اپنی فضائی حدود تاحکم ثانی بند کردی تھی اور فلائٹ آپریشن معطل کردیا تھا۔
ایران کے معروف تجزیہ کار اور پروفیسر محمد مرندی بھی اسرائیل کے نشانے پر ہیں۔
معروف تجزیہ کار محمد مرندی کو حکام نے تحفظ کےلیے موبائل فون نہ رکھنے کی ہدایت کردی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق محمد مرندی نے اپنی رہائش گاہ چھوڑ دی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے ایران کے دارالحکومت تہران پر نئے حملے کیے تھے جبکہ ایران کے سرکاری ٹی وی چینل پر بھی میزائل داغا تھا۔براہ راست نشریات کے دوران ٹی وی چینل کی خاتون اینکر سحر امامی سیٹ چھوڑ کر اٹھ گئی تھیں۔ ایرانی چینل پر حملے کے وقت بھی محمد مرندی عمارت میں موجود تھے۔اس حملے کے بعد ایرانی ٹی وی چینل نے عبرانی زبان میں اسرائیلی ٹی وی چینلز کےلیے وارننگ جاری کی تھی اور لکھا کہ اسرائیلی ٹی وی چینلز خالی کر دیے جائیں۔
Post your comments