امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کسی بھی وقت ایران پر حملہ کرسکتا ہے۔
امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ امریکی حکام کو آگاہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل ایران پر حملے کےلیے پوری طرح تیار ہے۔ اسرائیل نے ایران پر حملے کی پیشگی اطلاع امریکا کو دے دی ہے۔امریکی میڈیا نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر فوری ردعمل کے طور پر عراق میں امریکی سائٹس پر حملہ کرسکتا ہے۔صورتحال کے پیش نظر امریکا نے عراق میں امریکی سفارت خانہ جزوی طور پر خالی کروانے کے حوالے سے احکامات جاری کیے۔دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ اور محکمہ دفاع نے فوجی خاندان کے اہل خانہ کو رضاکارانہ طور پر مشرق وسطیٰ چھوڑ نے کا اختیار دیا ہے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ عراق، بحرین، کویت، عراقی کردستان کے شہر اربیل سے اضافی سفارتی عملےکوبلایا جارہا ہے۔امریکی وزیرِدفاع نے مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اہلکاروں کےاہلخانہ کو امریکا واپسی کی اجازت دیدی ہے۔سینٹکام کمانڈرجنرل مائیکل کوریلانےکشیدگی کےباعث آج سینیٹ کمیٹی میں اپنی بریفنگ ملتوی کردی ہے۔محکمہ خارجہ نےکشیدگی کےسبب اضافی عملےکے لیے ٹریول ایڈوائزری بھی جاری کر دی۔ایک امریکی عہدےدار نے بتایا ہے کہ امریکی اقدام عراق کی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق نہیں ہے۔
ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دینگے، ٹرمپ
امریکی فوجیوں کے انخلا کے سوال پر امریکی صدر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ سے اہلکاروں کو نکالا جا رہا ہے کہ کیونکہ یہ ایک خطرناک جگہ بن سکتی ہے۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امید کم ہے کہ ایران جوہری معاہدے میں یورینیم کی افزودگی روکنے پر راضی ہو جائے، ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔
اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) نے اپوزیشن کا پیش کیا گیا پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا بل مسترد کر دیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کنیسٹ میں ہونے والی ووٹنگ میں 120 میں سے 61 ارکان نے اس بل کی مخالفت کی، جبکہ 53 نے اس کے حق میں ووٹ دیا۔اپوزیشن نے یہ بل اس امید کے ساتھ پیش کیا تھا کہ وہ یہودیوں کی لازمی فوجی بھرتی کے متنازع مسئلے پر نیتن یاہو حکومت کی اتحادی جماعتوں کی ناراضی کا فائدہ اٹھا کر قبل از وقت انتخابات کی راہ ہموار کر لے گی۔یہ ووٹنگ قبل از وقت انتخابات کے امکان کی ابتدائی کڑی تھی، جس کے بارے میں امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ اگر انتخابات ہوتے ہیں تو وزیرِاعظم بنیامن نیتن یاہو کو شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کی زیر قیادت حکومتی اتحاد نے اس کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بل کے خلاف ووٹ دیا اور اپوزیشن کی حکمت عملی کو روک دیا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اب اپوزیشن کو پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا دوسرا بل پیش کرنے کے لیے کم از کم 6 ماہ انتظار کرنا پڑے گا جبکہ اگلے عام انتخابات 2026ء کے آخر میں متوقع ہیں۔یاد رہے کہ نیتن یاہو کی دائیں بازو کی جماعت لیکود پارٹی نے 2022ء میں 6 دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت تشکیل دی تھی۔
ایرانی وزیر دفاع عزیز ناصر زادے نے ایران پر امریکی حملے کی صورت میں مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈوں پر حملے کی دھمکی دے دی ہے۔
وزیر دفاع عزیز ناصر زادے نے کہا ہے کہ امریکا سے جوہری معاہدہ نہ ہونے پر اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو ایران خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنائے گا۔ انھوں نے کہا کہ امید ہے نوبت وہاں تک نہیں پہنچے گی اور مذاکرات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، لیکن اگر ایسا نہ ہوا اور ایران پر جنگ مسلط کی گئی تو دشمن کے نقصانات ایران کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوں گے۔ ایرانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ حملے کی صورت میں امریکا کو اس خطے سے نکلنا پڑے گا۔ عزیز ناصر زادے نے کہا کہ خطے میں موجود امریکا کے تمام اڈے ایران کی پہنچ میں ہیں، ایران ہچکچائے بغیر خطے میں موجود تمام امریکی اڈوں کو نشانہ بنائے گا۔ واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے جوہری مذاکرات کا چھٹا دور اتوار کو مسقط میں متوقع ہے۔
Post your comments