class="wp-singular post-template-default single single-post postid-14844 single-format-standard wp-theme-resolution eio-default kp-single-standard elementor-default elementor-kit-7">

مصیبت زدہ پاکستانی بہن بھائیوں کی مدد ہماری قومی ذمہ داری ہے: وزیرِ اعظم شہباز شریف

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ مصیبت زدہ پاکستانی بہن بھائیوں کی مدد ہماری قومی ذمہ داری ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں کوئی وفاقی، کوئی صوبائی حکومت نہیں ہے، ہمیں متاثرہ لوگوں کی مدد اور بحالی یقینی بنانی ہے، یہ سیاست کا نہیں، خدمت کا اور لوگوں کے دکھوں پر مرہم رکھنے کا وقت ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت جاں بحق افراد کے ساتھ متاثرین کو بھی وزیراعظم پیکج کے تحت امدادی رقوم دے گی۔انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اشیاء کی تقسیم اور بحالی کے آپریشن کی نگرانی وزیر امور کشمیر کریں گے۔ اسی طرح بجلی، پانی، سڑکوں اور دیگر سہولیات کی بحالی کی نگرانی متعلقہ وفاقی وزراء کریں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ تمام متعلقہ وزراء خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان خود جائیں۔وزیرِاعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی این شاہراہوں کی بحالی میں صوبائی یا قومی شاہراہوں میں تخصیص نہ کرے۔انہوں نے بتایا کہ امداد کےلیے راستے کھولنا پہلی ترجیح رکھی جائے، متاثرہ علاقوں میں شاہراہوں، پلوں کی مرمت یقینی بنائیں، وزیرِ مواصلات خود جا کر نگرانی کریں۔وزیرِاعظم نے بتایا کہ وزیر بجلی متاثرہ علاقوں میں خود جا کر بجلی کا نظام ترجیحی بنیادوں پر بحال کروائیں۔انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایم اے فوری طور پر نقصانات کا حتمی جائزہ پیش کرے ساتھ ہی خیبر پختونخوا میں امدادی اشیاء کی تقسیم کا جامع لائحہ عمل دے۔وزارتِ خزانہ کو ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت کو این ڈی ایم اے کو ضروری وسائل فراہم کرے۔ وزرات صحت ادویات اورڈاکٹرز کی ٹیموں کو کےپی بھیجے اور طبی کیمپس لگائے جائیں۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آخری شخص کی مدد اور انفرااسٹرکچر کی بحالی تک متعلقہ وفاقی وزراء متاثرہ علاقوں میں رہیں گے۔

وفاقی حکومت کی سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں، وفاقی وزراء عطاء تارڑ ، مصدق ملک اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے میڈیا بریفنگ میں تفصیلات بتا دیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا کہ پاکستان مون سون کے 7ویں اسپیل سے گزر رہا ہے، کلاؤڈ برسٹ اور بارشوں کی مزید پیش گوئی ہے، دو مون سون اسپیل مزید آرہے ہیں جو مزید سخت ہیں، یہ دو اسپیل 10 ستمبر تک گزر جائیں گے جس کے بعد صورتحال معمول پر آجائے گی۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے گلیشئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، شمالی علاقوں سے جب گلیشئرز سے پانی آئے گا تو نشیبی علاقوں میں تباہی ہوگی، دو چار دنوں میں خیبرپختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ ہوئے ہیں، گلیشئرز کا پگھلنا اور کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے نقصان زیادہ ہوا، حالیہ مون سون میں 670 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، ایک ہزار کے قریب افراد زخمی ہیں جبکہ 80 سے 90 افراد لاپتہ ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلے ترجیح لوگوں کو ریلیف کیمپ میں پہنچانے پر ہے، مختلف علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں میڈیکل سہولتیں بھی دی جا رہی ہیں، سیلاب متاثرین کو پبلک عمارتوں میں رکھا گیا ہے، خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں راشن اور دیگر سامان بھیجا جارہا ہے، متاثرین تک امدادی سامان پہنچایا جارہا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کا کہنا تھا کہ گلگت کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے، مون سون کے بعد ہی نقصانات کی اصل صورتحال سامنے آسکے گی، تمام سی ایم ایچ اسپتالوں کو الرٹ کردیا گیا ہے، تمام ڈیٹا متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کیا جارہا ہے، متاثرین کو پالیسی کے تحت امدادی پیکج فراہم کیا جائے گا، عوام کی خدمت اور بچاؤ کے لیے متحرک ہیں۔وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ  کا میڈیا بریفنگ میں کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی زیر صدارت مون سون کی بارشوں سے پیدا ہونے والی حالیہ سیلاب کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا، جس میں خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان میں سیلاب کی صورتحال پر غور کیا گیا، امداد اور بچاؤ کی جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مون سون سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں کئی اجلاس ہوئے، ان اجلاسوں میں تمام صوبائی حکومتوں کے نمائندے شریک ہوتے رہے، پیشگی آگاہی نظام کے ذریعے این ڈی ایم اے ڈیٹا متعلقہ اتھارٹیز کو فراہم کرتا رہا ہے۔عطا تارڑ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ بہتر طریقے سے کوآرڈینیشن جاری ہے، صورتحال سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں، وزیر اعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں ہے، امدادی سامان اور ریلیف کی سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت قومی ذمہ داری کے تحت اپنا کردار نبھا رہی ہے، پاک فوج سمیت تمام فلاحی اداروں کی طرف سے امدادی سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں، امدادی سامان کی بھی نگرانی کی جائے گی کہ سامان متاثرین تک پہنچایا جاسکے، اس آفت سے مل کر نکلیں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کی بھرپور کوشش کرے گی، وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی، ہمارے خطے میں پاکستان ایک فیصد بھی کاربن اخراج نہیں کرتا، کاربن اخراج کی وجہ سے گلیشئرز پگھل رہے ہیں، اسی وجہ سےکلاؤڈ برسٹ ہو رہے ہیں، سیلاب متاثرین سے دلی ہمدردی ہے، صوبائی حکومت دریا کے رہنے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات کرے۔مصدق ملک کا کہنا ہے کہ تمام وزراء کو ہدایات دی گئی ہیں کہ متاثرہ علاقوں میں پہنچیں، 24 گھنٹوں میں تمام متعلقہ وزراء متاثرہ علاقوں میں ہوں گے، تباہی سے بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا، وزیر توانائی فیلڈ میں موجود ہیں اور مانیٹر کررہے ہیں، مواصلاتی، پانی اور بجلی کا نظام فی الفور بحال کیا جائے گا۔

About the author /


Related Articles

Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Newsletter