دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کارکنوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کا غزہ کی پٹی کی جانب مارچ جاری ہے۔
اس مارچ کو عالمی مارچ برائے غزہ کا نام دیا گیا ہے جس کا مقصد اسرائیل کے تباہ کن اور غیر انسانی محاصرے کو ختم کروانا اور غزہ میں جاری نسل کشی کے خلاف عالمی ضمیر کو بیدار کرنا ہے۔مارچ کے ایک اہم قافلے صمود کارواں نے تیونس سے روانہ ہو کر لیبیا میں پڑاؤ کیا، اس قافلے میں ایک ہزار سے زائد افراد شامل ہیں جس کا تعلق شمالی افریقہ کے مختلف ممالک سے ہے، قافلہ 9 بسوں پر مشتمل ہے جو مصر کے دارالحکومت قاہرہ کی جانب رواں دواں ہے، جہاں دیگر 50 ممالک سے تعلق رکھنے والے کارکنان بھی شامل ہوں گے۔تیونس کے صحافیوں، وکلا، انسانی حقوق کے علمبرداروں اور مزدور یونینوں سمیت کئی اہم اداروں نے مارچ میں شمولیت اختیار کی ہے، مارچ کی قیادت جوائنٹ ایکشن فار فلسطین نامی اتحاد کر رہا ہے۔قافلے کی حتمی منزل مصر کے شمالی علاقے رفح کی سرحد ہے، جہاں سے وہ غزہ میں داخل ہونے کی کوشش کریں گے، تاہم ابھی قافلے کو مشرقی لیبیا میں داخلے کی اجازت درکار ہے۔قاہرہ پہنچنے کے بعد یہ قافلہ 3 روزہ مارچ کے ذریعے رفح بارڈر کی جانب بڑھے گا، لیکن اس راستے کو مصری حکام نے فوجی زون قرار دے رکھا ہے جہاں عام افراد کے داخلے پر پابندی ہے۔تیونس کی ایک نوجوان صحافی غایہ بن مبارک، جو اس مارچ کا حصہ ہیں، انہوں نے عرب میڈیا کو بتایا کہ اگر ہمیں سمندر، فضا یا زمین پر روک دیا جائے تب بھی ہم رُکیں گے نہیں، ہم ہزاروں کی تعداد میں آئیں گے، صحرا عبور کریں گے تاکہ بھوک سے مرتے بچوں کو بچا سکیں۔مارچ میں شامل کارکنوں کو توقع ہے کہ انہیں غزہ میں داخل ہونے کی اجازت شاید نہ ملے لیکن ان کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے ضروری ہے، قافلے میں امریکا، برطانیہ، یورپ، شمالی افریقہ، ترکی اور مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک سے افراد شامل ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں میں مزید 57 فلسطینی شہید اور 363 زخمی ہوگئے۔
غزہ سے فلسطینی وزارت صحت کے بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فوجی حملوں میں 120 فلسطینی شہید اور 474 زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق امدادی ٹیموں نے تباہ شدہ علاقوں سے 3 لاشیں نکال لیں۔

مارچ میں جنگ بندی کے خاتمے کے بعد اسرائیلی حملوں میں 4 ہزار 821 فلسطینی شہید ہوچکے، جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں 15 ہزار 353 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ 7 اکتوبر 2023 کے بعد اسرائیلی حملوں میں 55 ہزار 104 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 27 ہزار 394 زخمی ہوچکے۔ امدادی کیمپوں پر اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 224 سے تجاوز کر گئی ہے۔
Post your comments