ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی عقیدت و احترام اور جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، نماز عید کی ادائیگی کے بعد لاکھوں مسلمان سنت ابراہیمیؑ کی پیروی میں مصروف ہیں۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا، علمائے کرام نے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ کی قربانی کی روح اور فلسفے پر روشنی ڈالی جبکہ امت مسلمہ کے اتحاد، وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی اور فلسطینی و کشمیری مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔نماز عید کے موقع پر عیدگاہوں اور مساجد میں سیکیورٹی کے انتہائی مؤثر انتظامات کیے گئے۔اسلام آباد کی شاہ فیصل مسجد سمیت شہر کی مختلف مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں میں نمازِ عید کے روح پرور مناظر دیکھے گئے۔نماز کے اختتام پر افواجِ پاکستان، قومی سلامتی اور ملک و قوم کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔پنجاب بھر میں 28 ہزار 74 مساجد اور 890 کھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے، سیکیورٹی کے لیے 43 ہزار سے زائد اہلکار و افسران نے فرائض انجام دیے، 445 کوئیک رسپانس فورس کی ٹیمیں بھی سیکیورٹی پر تعینات ہیں۔لاہور میں نماز عید کے 5 ہزار سے زائد اجتماعات کی سیکیورٹی پر 9 ہزار اہلکار و افسران تعینات رہے۔راولپنڈی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع لیاقت باغ میں ہوا، ضلع بھر میں 604 مساجد، 72 امام بارگاہوں اور 62 کھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، پولیس کے 2700 آفیسر اور جوان سیکیورٹی کی فراہمی پر معمور تھے۔ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں 3 روز تک لاکھوں افراد جانوروں کی قربانی کریں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی ہے۔
صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں اپنے رویّوں میں قربانی، محبت، بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بطور قوم ایک دوسرے کا سہارا بن کر پاکستان کو ایک عظیم اور خوشحال ملک بنانا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پرگامزن ہے، قربانی اور اتحاد کے جذبے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قربانی کا جذبہ ہی پاکستان کی تقدیر بدل سکتا ہے۔
ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف سمیت اہم سیاسی شخصیات نے اپنے اپنے آبائی علاقوں میں نماز عید ادا کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے لاہور میں ماڈل ٹاؤن مسجد میں نماز عید ادا کی۔ اس دوران ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کےلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔وزیراعظم نماز عید کے بعد لوگوں سے گلے ملے اور عید کی مبارکباد دی، مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز بھی ان کے ہمراہ تھے۔جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عید کی نماز آبائی گاؤں عبدالخیل میں ادا کی اور تمام عالم اسلام کو عید کی مبارک دی۔سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے لیاقت باغ راولپنڈی میں نماز عید ادا کی۔
Post your comments