امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف حملوں میں روس اور شمالی کوریا کے ایران کو مدد فراہم کرنے کے شواہد ملے ہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے بلکل قریب ہے، ایران کے جوہری پروگرام مسئلے کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران رضاکارانہ طور پر اپنے جوہری توانائی پروگرام سے دستبردار ہو جائے۔واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی شہریوں کو تہران خالی کرنے کی وارننگ دی تھی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہوں نے ایران سے کہا تھا کہ نیوکلیئر ڈیل پر دستخط کر دیں، انہیں ایسا کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی جانوں کا ضیاع شرم کی بات ہے، ایران کسی صورت نیوکلیئر ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فرانسیسی صدر کو کوئی آئیڈیا نہیں کہ میں واشنگٹن کیوں جارہا ہوں۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فرانسیسی صدر نے غلطی سے کہا کہ میں ایران اسرائیل جنگ بندی پر کام کے لیے واشنگٹن جارہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جی 7 اجلاس چھوڑ کر امریکا واپس جانے کی وجہ اسرائیل ایران جنگ بندی سے کہیں بڑی ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فرانسیسی صدر میکرون شہرت کی تلاش میں رہتے ہیں، میکرون کو ہمیشہ غلط سمجھ آتا ہے۔واضح رہے کہ فرانس کے صدر میکرون نے کہا تھا کہ ٹرمپ نے جی سیون رہنماؤں کو بتایا کہ ایران اسرائیل سیز فائر کے لیے بات چیت ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیز فائر طے پا گئی تو یورپی شراکت دار ایران جوہری مذاکرات میں حصہ لینے کو تیار ہیں۔میکرون نے کہا تھا کہ امریکیوں نے ایرانیوں سے ملاقات کی پیش کش کی ہے، دیکھیں گے کیا ہوتا ہے۔
چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران اور اسرائیل کشیدگی میں تیل ڈالنے کا الزام عائد کر دیا۔
چین نے امریکی صدر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازع میں آگ پر تیل ڈالنے کا کام کر رہے ہیں۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گوو جیاکُن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کشیدگی کم کرنے کے بجائے شعلوں کو ہوا دینا، تیل ڈالنا، دھمکیاں دینا اور دباؤ بڑھانا صرف تنازع کو مزید بھڑکائے گا اور اس کا دائرہ وسیع کرے گا۔واضح رہے کہ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے مذکورہ بیان امریکی صدر کی ایرانی شہریوں کو تہران خالی کرنے کی دھمکی کے بعد سامنے آیا ہے۔امریکی صدر نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ ایرانی شہری فوری طور پر تہران سے انخلاء کریں۔
ایران نے اسرائیل کا ایک اور ایف 35 جنگی جہاز گرانے کا دعویٰ کر دیا۔
پاسداران انقلاب نے کہا کہ ایران نے اسرائیل کا ایک اور ایف 35 جنگی جہاز گرادیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعے سے اب تک ایرانی میزائل حملوں میں 24 اسرائیلی ہلاک اور 600 زخمی ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایران کی جانب سے 3 اسرائیلی ایف 35 طیارے مار گرانے اور 2 پائلٹوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم اسرائیلی فوج نے ایران کے ان دعوؤں کی تردید کی تھی۔دوسری جانب ایران اسرائیل جنگ کے دوران ایران کی جانب سے اسرائیلی ایف 35 جنگی طیارے گرانے کے دعوے کے بعد امریکی کمپنی لاک ہِیڈ مارٹن کے شیئرز گرنے لگے ہیں۔اسرائیل کے زیر استعمال جدید ترین ففتھ جنریشن اسٹیلتھ ایف 35 طیارے بنانے والی امریکی کمپنی کے شیئرز ایک روز کے دوران تقریباً 4 فیصد گر گئے۔
Post your comments