ملک بھر میں 10 محرم الحرام کے موقع پر چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں، جبکہ مجالسِ عزا اور نوحہ خانی بھی جاری ہیں۔
کراچی: مرکزی جلوس مقررہ راستے پر رواں دواں
کراچی میں یومِ عاشور کا نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس تبت سینٹر پہنچ گیا۔مرکزی جلوس برآمد ہونے سے قبل نشتر پارک میں مرکزی مجلس ہوئی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔شرکاء نے مولانا علی افضال کی امامت میں نماز ظہرین ادا کی۔
جلوسِ عاشورہ میں گرمی سے 200 عزاداروں کی حالت غیر
جلوس میں موجود جلوسِ عاشورہ میں گرمی سے 200 عزاداروں کی حالت خراب ہو گئی۔ڈاکٹر شاہد رسول کے مطابق جناح اسپتال کے کیمپ میں دوپہر ایک بجے تک 200 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے، شہری شدید گرمی میں ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں، شہری باہر نکلتے ہوئے گیلا تولیا سر پر رکھیں۔جلوس کی طرف آنے والی سڑکیں اور گلیاں کنٹینر رکھ کر بند ہیں جبکہ ایم اے جناح روڈ جزوی طور پر کھلا ہوا ہے، پولیس اور رینجرز جلوس کے روٹ پر موجود ہیں۔کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوس کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، بلند عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کی نفری اور اسنائپر تعینات ہیں۔سی ای او ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق جلوس کی گزرگاہوں پر ریسکیو 1122 کی 170 ایمبولنس ہیں، ایمبولینسز میں تربیت یافتہ عملہ موجود ہے، طبی کیمپس بھی لگائے ہیں۔
کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی
محکمۂ داخلہ سندھ کی جانب سے کراچی میں عاشورۂ محرم پر ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی سے خواتین، بچے، صحافی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار مستثنیٰ ہیں۔محکمۂ داخلہ سندھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس موقع پر اسلحے کی نمائش، ہیلی کیم اور ڈرون اڑانے پر بھی پابندی عائد ہے۔
کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ کا مرکزی جلوس کا دورہ
ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص نے مرکزی جلوس کا دورہ کیا اور سیکیورٹی کا جائزہ لیا۔ترجمان کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ نے ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکوں کا دورہ کیا۔
گورنر سندھ عاشورہ کے جلوس میں شرکت نہیں کریں گے
ترجمان گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ کامران ٹیسوری عاشورہ کے جلوس میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ترجمان نے کہا کہ گورنر سندھ نے دوپہر ایک بجے جلوس میں شرکت کرنی تھی۔
کراچی: ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی جلوسِ عاشورہ میں شرکت
مرکزی کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے یوم عاشورہ کے مرکزی جلوس میں شرکت کی۔ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق وفد میں مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، انیس قائم خانی، امین الحق سمیت دیگر شامل تھے۔دوسری جانب ترجمان سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ جلوس کی گزرگاہوں پر 300 سے زائد کیمرے نصب ہیں اور 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار و افسران ڈیوٹی پر تعینات ہیں، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے جلوس کی سخت نگرانی کی جارہی ہے۔
لاہور: مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن
لاہور میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے، یہ جلوس آج شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔جلوس کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گیے ہیں۔
راولپنڈی: یومِ عاشور کا مرکزی جلوس برآمد
راولپنڈی میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین سے برآمد ہو گیا۔یومِ عاشور کے جلوس کی سیکیورٹی پر پولیس کے 3 ہزار اہلکار تعینات ہیں۔معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب ملک ذیشان نے مرکزی جلوس کے راستے کا دورہ کیا، جہاں پر سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی نے سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی جلوس سے متعلق راولپنڈی پولیس کی تمام تیاریاں مکمل ہیں، 50 انسپکٹر اور 6000 ہزار سے زائد جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جلوس کے روایتی راستوں پر موبائل فونز سروس معطل ہے، پاک فوج اور رینجرز کے دستے بھی معاونت کے لیے موجود ہیں، مرکزی جلوس کا مقررہ وقت کے اندر اختتام یقینی بنایا جائے گا، جلوس کی مانیٹرنگ مرکزی کنٹرول روم سے کی جا رہی ہے۔
پنجاب: یومِ عاشور پر 1 لاکھ زائد افسران و اہلکار سیکیورٹی پر تعینات
دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں آج 2 ہزار 730 جلوس برآمد اور 2 ہزار 500 سے زائد مجالس ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ1 لاکھ 25 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سیکیورٹی پر تعینات ہیں۔
پشاور: یومِ عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے
پشاور کی مختلف امام بارگاہوں سے یومِ عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے، پہلا جلوس امام بارگاہ سید علی شاہ رضوی سے برآمد ہو گیا۔جلوسوں کی سیکیورٹی پر پولیس کے 14 ہزار افسران و اہلکار تعینات ہیں، جلوس کی گزرگاہوں کو کلیئر کرنے کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار موجود ہیں۔جلوسوں کی طرف جانے والے تمام راستے سیل اور موبائل فون سروس بند ہے، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ماتمی جلوسوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
کوئٹہ: یومِ عاشور کا جلوس باچاخان چوک سے روانہ
کوئٹہ میں یومِ عاشور کے جلوس میں شریک عزاداروں نے باچاخان چوک پر نماز ظہرین ادا کی۔نماز ظہرین کی امامت علامہ ہاشم موسوی نے کی، عزادار باچاخان چوک سے روانہ ہو گئے۔کوئٹہ میں یومِ عاشور کا جلوس آج صبح 9 بجے کے قریب علم دار روڈ سے برآمد ہوا۔
بلوچستان: یوم عاشور پر سیکیورٹی کیلئے 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات
وزیرِ داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللّٰہ لانگو کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں یوم عاشور پر سیکیورٹی کے لیے 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔میر ضیاء اللّٰہ لانگو نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک رہ کر شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں، عوام امن وامان برقرار رکھنے میں پولیس اور سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں جذبہ ایثار کا درس دیتا ہے۔
ملتان: 10 محرم کا مرکزی جلوس برآمد
ملتان میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حرا حیدریہ سے برآمد ہو گیا۔مرکزی جلوس شام 6 بجے درگاہ شاہ شمس تبریز پہنچ کر اختتام پزیر ہو گا۔یومِ عاشور کے 116 ماتمی جلوس شہر کے مختلف علاقوں سے برآمد ہوں گے۔
فیصل آباد: مختلف علاقوں سے برآمد جلوس مرکزی جلوس میں شامل
فیصل آباد میں مرکزی جلوس کے شرکاء نے گول بھوانہ بازار میں نماز ظہرین ادا کی۔شہر کے مختلف علاقوں سے برآمد جلوس گھنٹہ گھر چوک پہنچ کر مرکزی جلوس میں شامل ہو گئے۔گوجرانوالہ: لنگر کی تقسیم، کرنٹ لگنے سے 1 شخص جاں بحقگوجرانوالہ میں جلوس میں لنگر کی تقسیم کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔جھنگ میں یوم عاشور کے موقع پر 249 جلوس اور 164مجالس ہوں گی، مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ دربار گوہر شاہ سے برآمد ہو گا۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ: 78 جلوس، 13 مجالس ہوں گی
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں یوم عاشور پر 78 جلوس اور 13 مجالس ہوں گی جبکہ مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ حسینیہ جھنگ روڈ سے برآمد ہو گیا۔ماتمی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام 7 بجے اختتام پزیر ہو گا۔
مظفر گڑھ: موبائل فون سروس معطل
مظفر گڑھ میں 165 جلوس اور 279 مجالس منعقد ہوں گی، ضلع بھر میں موبائل فون سروس معطل ہے۔ڈی پی او کا کہنا ہے کہ جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے 3 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے ہیں۔
راجن پور: 67 مجالس اور 51 جلوس نکالے جائیں گے
ڈی پی او راجن پور کے مطابق راجن پور میں67 مجالس اور51 جلوس نکالےجائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں یومِ عاشور کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہیں، موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی۔
حیدرآباد: یوم عاشور کا مرکزی جلوس سے برآمد
حیدرآباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس قدم گاہ مولا علی سے برآمد ہو گیا۔جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلاء دادن شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔
حیدرآباد: یوم عاشور کے جلوس کی سیکیورٹی کیلئے سخت انتظامات
حیدرآباد میں یوم عاشور کے جلوس کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔اس حوالے سے ایس ایس پی حیدرآباد کا کہنا ہے کہ جلوس کی سیکیورٹی پر 4 ہزار سے زائد اہلکار و افسران تعینات ہیں، جلوس کےراستےمیں آنےوالی تمام گلیاں اور دکانیں بند ہیں۔انہوں نے کہا کہ جلوس کی نگرانی کے لیے ڈی ایس پی سٹی آفس میں کنٹرول روم قائم کیا ہے۔
نواب شاہ: یوم عاشور کا مرکزی جلوس برآمد
نواب شاہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ مرتضوی سے برآمد ہو گیا۔شہر کے چھوٹے بڑےجلوس مختلف امام بارگاہ سے برآمد ہو کر مرکزی جلوس میں شامل ہوں گے۔
سکھر: نو ڈھالہ تعزیہ جلوس آخری منزل کیلئے برآمد
سکھر کے علاقے روہڑی میں نو ڈھالہ تعزیہ جلوس تیسری اور آخری منزل کے لیے بعد نماز ظہرین برآمد ہو گیا، جلوس شہداء قبرستان روہڑی پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔نو ڈھالہ تعزیہ جلوس 8 اور 9 محرم کی رات امام بارگاہ شاہ عراق سے برآمد ہوا تھا، جلوس کے شرکاء کا روہڑی کے میدان کربلاء میں دوسرا پڑاؤ تھا۔
ڈی آئی خان: تمام جلوس منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر
ڈی آئی خان میں تمام جلوس اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گئے۔شہر اور تحصیل کلاچی، پروآم، پہاڑپور کی تحصیلوں سے جلوس برآمد ہوئے تھے۔
Post your comments