مسلح افواجِ نے 60 ویں یومِ دفاع و شہداء پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر 1965ء اس بات کی علامت ہے کہ پاکستانی قوم کا عزم کبھی کمزور نہیں پڑا، پاکستانی قوم کا حوصلہ ناقابلِ شکست ہے۔ اس تاریخی دن ہمارے بہادر سپاہیوں نے قوم کی حمایت کے ساتھ کھڑے ہو کر کھلی جارحیت کا مقابلہ کیا۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے کہا ہے کہ ستمبر 1965ء پاکستانی قوم کے عزمِ مصمم اور غیر متزلزل جذبے کی علامت ہے، مسلح افواج نے اس دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جو ہتھیاروں اور تعداد میں ہم سےکہیں زیادہ تھا۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ شجاعت اور قربانی کے یہ کارنامے پیغام دے گئے کہ متحد قوم کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی، ہمارے نڈر ہیروز کی جرأت آج بھی آنے والی نسلوں کو حوصلہ دیتی ہے، ہمارے ہیروز کی لازوال قربانیاں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ آج پوری قوم اپنے شہداء، غازیوں اور ان کے ثابت قدم اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتی ہے، شہداء اور غازیوں نے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دیں، افواجِ پاکستان ہمیشہ بیرونی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہوئیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ قدرتی آفات و مصیبت کی گھڑی میں عوام کی بھرپور مدد کی، حالیہ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی میں بھی افواجِ پاکستان ہر ممکن تعاون فراہم کریں گی، یومِ دفاع و شہداء انتہائی انکساری کے ساتھ منایا جائے گا۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق قوم کی طرف سے ہمارے سپرد کی گئی ذمے داری کو ہمیشہ نبھانے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں، مسلح افواج ہمہ وقت چوکس اور ملک کے دفاع کے لیے ہر قسم کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، اللّٰہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن، استحکام اور طاقت عطا فرمائے، پاکستانی مسلح افواج زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ میں بہادری، اتحاد اور عزم کا دن ہے، 60 سال قبل بہادر افواج نے عوام کے تعاون سے دشمن کی جارحیت ناکام بنائی، 1965ء کا وہ ناقابلِ تسخیر جذبہ آج بھی زندہ ہے۔
یومِ دفاع و شہدائے 6 ستمبر پر پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ حالیہ معرکۂ حق میں ایک بار پھر مسلح افواج اور عوام آہنی دیوار بن گئے، ہماری فوج، بحریہ اور فضائیہ نے بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تزویراتی ویژن نے دشمن کا تکبر مٹا کر نئی تاریخ رقم کی، آج کے دن ہم اپنے بہادر شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، ہمارے شہداء نے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ اپنے غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی جرأت آئندہ نسلوں کے لیے مثال ہے، پاکستان دنیا کے ساتھ پُرامن، بقائے باہمی اور تعمیری روابط کی پالیسی پر کاربند ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم بھارتی اشتعال انگیزیوں اور بدلتے علاقائی تناظر کی حقیقت سے غافل نہیں رہ سکتے، ہم اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط اور جدید بناتے رہیں گے، غیر ملکی پراکسیوں کی دہشت گردی کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ ہماری سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان کو ختم کرنے میں بے پناہ پیش رفت کی، اس مشن کی تکمیل تک قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم بھارت کے زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم لوگوں سے یک جہتی کا اعادہ کرتے ہیں، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا، ہم فلسطین میں جاری مظالم کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرے، عالمی برادری غزہ کے لوگوں کو ضروری انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قومی دفاع معاشی استحکام کے بغیر ممکن نہیں، ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر ہی ہم پائیدار خوش حالی اور خود انحصاری حاصل کر سکتے ہیں، اس یومِ دفاع و شہداء پر قائدِ اعظم کے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے لازوال اصولوں کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ایک محفوظ، متحد، خوش حال پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر محنت کرنے کا اعادہ کریں، پاکستانی مسلح افواج زندہ باد، پاکستان پائند باد۔
ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا ہے کہ ہمارے دشمنوں کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی۔
اگلی بار اسکور 6 صفر تک محدود نہیں ہو گا بلکہ 60 صفر ہو گا۔کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مزارِ قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالنا پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے لیے اعزاز ہے۔ایئر وائس مارشل شہریار خان کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر ہمیں اس دن کی یاد دلاتا ہے جب ہم نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا، ہم ہر محاذ پر تیار کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے عوام کو کبھی مایوس نہیں کیا، ہمیں فخر ہے کہ پاک فضائیہ جنگ کے علاوہ امن کے وقت میں بھی پیش پیش ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بنیان المرصوص نے 6 ستمبر کی یاد تازہ کی، یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے، تکنیکی جدت نے پاک فضائیہ کو دنیا میں منوایا۔
ایئر وائس مارشل نے کہا کہ تمام شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں، پاک فضائیہ عوام کی اُمیدوں پر پورا اتری ہے۔
خیال رہے کہ آج ملک بھر میں یوم شہداء و دفاع قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، آج دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، مساجد میں نمازِ فجر کے بعد پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ رواں برس مئی میں ہونے والی جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کا غرور خاک میں ملاتے ہوئے نا صرف جدید ترین رافیل طیاروں سمیت کئی جنگی جہازوں کو گرایا بلکہ کئی ایئر فیلڈز کو بھی تباہ کیا۔
Post your comments