امریکا اور اسرائیل نے اچانک ایران پر حملہ کر دیا ہے، جس کے بعد تہران اور دیگر کئی مقامات دھماکوں سے گونج اٹھے، ان حملوں میں کئی شہری زخمی ہوئے ہیں] ان حملوں کے بعد ایران نے بھی اسرائیل پر میزائل حملہ کیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں متعدد اسرائیلی میزائل یونیورسٹی اسٹریٹ اور جمہوری ایریا پر گرے ہیں، یہ امریکا اور اسرائیل کا مشترکہ حملہ ہے۔
خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کے قریب 7 میزائل گرے
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی صدارتی محل اور سپریم لیڈر خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کے قریب 7 میزائل گرے ہیں جبکہ تہران کے مضافات اور کئی مقامات سے دھویں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دیے ہیں، افراتفری کی صورتِ حال دیکھنے میں آ رہی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ملک میں انٹرنیٹ سروس بند ہونے کے سبب بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
خامنہ ای محفوظ مقام منتقل
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای تہران میں موجود نہیں ہیں، انہیں محفوظ جگہ منتقل کر دیا گیا ہے، ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے بارے میں بھی معلوم ہوا ہے کہ وہ محفوظ ہیں۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ ایران پر پیشگی حملے شروع کر دیے گئے ہیں، اسرائیلی وزیرِ دفاع نے بھی اس حوالے سے تصدیق کی ہے۔
ایران پر آپریشن کا منصوبہ مہینوں پہلے بنایا: اسرائیلی دفاعی اہلکار
اسرائیلی دفاعی اہلکار کا کہنا ہے کہ ایران میں امریکا کے ساتھ مل کر اسرائیلی آپریشن جاری ہے، ایران پر آپریشن کا منصوبہ مہینوں پہلے بنایا گیا تھا، ایران پر حملے کی تاریخ کا فیصلہ ہفتوں پہلے کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے امریکی عہدیدار کا بھی یہی مؤقف سامنے آیا ہے جس کا کہنا ہے کہ امریکا نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران پر مشترکہ حملہ کیا ہے، ایران پر امریکی حملے فضا اور سمندر سے جاری ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ان حملوں کے بعد ایران نے فضائی حدود بند کر دی ہیں۔
ان حملوں کا اختتام اب آپ کے اختیار میں نہیں رہا: ایران
ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ ان حملوں کا اختتام اب آپ کے اختیار میں نہیں رہا۔
امریکی اور اسرائیلی حملوں کے کچھ دیر بعد ایران نے بھی اسرائیل پر میزائل حملہ کیا ہے جس کے بعد اسرائیلی فوج کا بیان سامنے آیا ہے کہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دفاعی نظام آپریٹ کر رہے ہیں۔
اسرائیلی حکام نے شہریوں کو شیلٹرز میں جانے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔
عراق میں فضائی حدود بند
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان حملوں کے بعد عراق نے فضائی حدود بند کر دی ہے جبکہ کویت نے ایران کے لیے اگلے حکم تک تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔
مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بجنے لگے
ایران پر حملے کے فوری بعد مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بجنے لگے۔
اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملہ کرنے کے بعد اسرائیل بھر میں اسکول بند کر دیے گئے۔
اسرائیلی حکام نے اسرائیلی فضائی حدود کو بھی بند کر دیا ہے اور اسرائیلی شہریوں کو ایئر پورٹ کی جانب نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
قطر میں امریکی سفارتخانے کے اہلکاروں کو شیلٹر میں جانے کی ہدایت
موجودہ صورتِ حال میں قطر میں امریکی سفارت خانے کے اہلکاروں کو شیلٹر میں جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
امریکی سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قطر میں امریکی شہری اگلے حکم تک شیلٹر میں رہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ یورینیم کی افزودگی نہ کرے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ اس حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں ایران کے مؤقف سے مطمئن نہیں تھے۔













Post your comments