مفت وائی فائی کا استعمال ذاتی معلومات خطرے میں ڈال سکتا ہے، این سی سی آئی اے

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) حکام نے شہریوں کو مفت اور عوامی وائی فائی نیٹ ورکس کے استعمال میں احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ غیر محفوظ نیٹ ورک سے منسلک ہونے کے باعث ذاتی معلومات اور آن لائن ڈیٹا خطرے میں پڑ سکتا ہے۔این سی سی آئی اے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں شہریوں کو مشورہ دیا کہ عوامی وائی فائی استعمال کرتے ہوئے آن لائن بینکنگ، بینک کھاتوں سے مالی لین دین اور آن لائن خریداری سے گریز کریں، خصوصاً اس وقت جب متعلقہ نیٹ ورک کی حفاظت اور اصلیت کی تصدیق نہ ہوسکے۔ایجنسی کے مطابق کسی شخص، ادارے، دفتر، کیفے یا ہوائی اڈے کے نام سے منسوب ہونے کی بنیاد پر کسی وائی فائی نیٹ ورک کو قابلِ اعتماد نہیں سمجھنا چاہیے۔ سائبر جرائم پیشہ عناصر معروف مقامات اور اداروں سے ملتے جلتے ناموں کے ذریعے جعلی نیٹ ورکس بنا کر صارفین کو ان سے منسلک کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں