کینیڈا امریکہ سمیت خلیجی ممالک میں آج عیدالاضحی منائی جائے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق دبئی کے علاقے القصص میں کلمہ سینٹر کے زیرِاہتمام سب سے بڑا اجتماع ہوا۔نمازِ عید کے اجتماعات میں امن، خوشحالی اور قربانی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔اماراتی قیادت کی امن اور مستحقین کی مدد کے جذبے کو اُجاگر کرنے کی اپیل کی۔
حجاج مزدلفہ سے واپس منی جاکرآج بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے، جانوروں کی قربانی کریں گے، سر منڈوائیں گے اور احرام کھول دیں گے۔
حج کے رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ کی ادائیگی پر فلسطینیوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔مسجد الحرام کے امام شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللّٰہ نے کہا کہ اے اللّٰہ فلسطین میں ہمارے بھائیوں کو دشمن پر غالب فرما، فلسطینی بھائیوں کو اپنی پناہ میں لے لے، انہیں امن عطا کر۔خطبۂ حج میں مسلمانوں پر تقویٰ اختیار کرنے اور اللّٰہ اور اس کے رسول کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے پر زور دیا گیا۔خطبے میں کہا گیا کہ والدین سے صلۂ رحمی اور حسن سلوک، نرمی سے بات کرنا اور وعدوں کی تکمیل ایمان کا حصہ ہے۔کینیڈا، امریکہ اور خلیجی ممالک میں آج عیدالاضحی منائی جائے گی۔
امام کعبہ شیخ ڈاکٹر صالح بن عبد اللہ بن حمید نے خطبہ حج دیتے ہوئے فلسطینی مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا کی،
انہوں نے کہا کہ ے اللہ فلسطینی بھائیوں کو دشمن پر غلبہ، مسلم حکمرانوں کو بھلائی کی توفیق اور ہدایت عطا فرما، اے اللہ فلسطینی بھائیوں کو دشمن پر غلبہ عطا فرما، ان کا خیال رکھ ، انکے بھوک،مصائب ، تکالیف کا خاتمہ، انکے بے گھروں کو آسرادے، انہیں امن عطا کر اور انہیں انکے اور تمہارے دشمنوں کے شر سے نجات دلا اور انہیں دشمن پر غالب فرما،مسلمانوں کے حکمرانوں کو بھلائی کی توفیق دے، انہیں ہدایت اور تقویٰ عطا فرما،انہوں نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ اے ایمان والوں اللہ سے ڈرو تقویٰ اختیار کرو، تقویٰ دنیا و آخرت کی بھلائی کا سبب ہے، اللہ تعالیٰ نے فساد فی الارض سے سختی سے منع فرمایا ہے،جب بھی بات کرو اچھی بات کرو، اللہ تعالی صبر والوں کو پورا ثواب عطا فرماتا ہے، انہوں نے دعا کی کہ اے اللہ دنیا کے مشرق اور مغرب میں مسلمانوں کے حالات سدھار دے، نمائندہ جنگ کے مطابق رواں سال 16لاکھ 73ہزار 230 فرزندان اسلام نے حج کی سعادت حاصل کی، سعودی وزارت شماریات نےبتایا ہے 171 ممالک سے 15 لاکھ 6 ہزار 576 عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی، اندرونی ملک سے 1 لاکھ 66 ہزار 654 افراد نے حج ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر سے لاکھوں عازمین حج نے میدان عرفات میں قیام کیا اور خطبہ حج سنا، مسجد نمرہ میں امام کعبہ شیخ ڈاکٹر صالح بن عبد اللہ بن حمید کا خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی نے نیکی اختیار کرنے اور برائی سے دور رہنے کا حکم دیا ہے،انہوں نے کہا کہ اے ایمان والوں اللہ سے ڈرو تقویٰ اختیار کرو، تقویٰ دنیا و آخرت کی بھلائی کا سبب ہے، اللہ تعالی نے نیکی پر عمل اور برائی سے دوری کا حکم دیاہے، اللہ تعالی نے دین اسلام کو انسانیت کے لئے پسند کیا، انہوں نے کہا کہ تمام تعریفیں اللہ کے لئے ہیں جب بھی بات کرو اچھی بات کرو، اللہ تعالی صبر والوں کو پورا ثواب عطا فرماتا ہے انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر گزار انسانوں سے وعدہ ہے کہ جتنا شکر کریں گے انہیں زیادہ نعمتوں سے نوازیں گے اپنے رب کو چھپ چھپ کر گڑگڑاکر پکارو، اللہ تعالیٰ نے فساد فی الارض سے سختی سے منع فرمایا ہم فرشتوں، مقدس کتابوں جس میں توریت اور انجیل پر ایمان رکھتے ہیں اور اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو ان تمام پچھلی کتابوں پر نگران فرمایا، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تمام واقعات اور حادثات کو پہلے سے لوح محفوظ میں لکھ دیا تھااللہ تعالیٰ نے جرم کرنے والوں سے انتقام کا تعین کیا ہےاللہ کے سوا کسی اور معبود کو نہ پکارو ورنہ سخت سزا پانے والوں میں سے ہوگے، شیخ صالح بن حمید نے کہا اللہ تعالیٰ نے فرمایا اے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کہہ دیجئے اے اہل کتاب آؤ ایسی باتکی طرف جو ہم لوگوں میں یکساں ہو، ارشاد باری تعالی ہے اگر کوئی تمہیں تکلیف پہنچائے تو اللہ کے سوا کوئی دور کرنے والا نہیں اور اگر خیر پہنچانا چاہے تو کوئی اسے روک نہیں سکتا، جو اللہ تعالی نے حکم فرمایا کہ اگر تمہارے بیچ کوئی تنازع ہوجائے تو اسے اللہ اور اسکے رسول کی جانب لوٹادو، اللہ تعالیٰ کی حمد وثناء، ذکر اور دعا کثرت سےکروکیونکہ یہ دعا کی قبولیت کا دروازہ ہے۔
سعودی عرب میں حج کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئےگئے تھے ،
مغربی میڈیا کے مطابق سعودی وزارت دفاع نے حج کے موقع پر مقدس شہر کی حفاظت کے لئے کئے گئے خصوصی فوجی انتظامات کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کیںجس میں مکہ مکرمہ میں نصب زمین سے فضا میں مار کرنے والا دفاعی میزائل سسٹم اور فوجی ہیلی کاپٹروں کی تصاویر بھی جاری کیں جو دوران حج مسلسل فضائی نگرانی میں مصروف رہے، نمائندہ جنگ کے مطابق مکہ مکرمہ کو میزائل حملوں سے بچانے کے لئے فضائی دفاعی نظام 2018 سے نصب ہے،سعودی شاہی اسٹریٹیجک میزائل فورس کا مقصد سعودی عرب کے تمام علاقوں کو میزائل حملوں سے بچانے کا ہے اور سعودی عرب کا فضائی ڈیفنس سسٹم اپنے یہاں بہت زمانے سے قائم کئے ہوئے ہے۔
Post your comments