امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارتی میڈیا نے پاک بھارت جنگ کے دوران بڑھ چڑھ کر جھوٹ کو پھیلایا، جھوٹ پھیلانے میں بھارت کے وہ میڈیا گروپس بھی پیش پیش رہے جو ماضی میں اچھی ساکھ کے حامل سمجھے جاتے تھے۔
نیو یارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بھارتی میڈیا کی جھوٹی خبروں کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے یہاں تک دعویٰ کر ڈالا کہ بھارت نے پاکستان کی نیوکلیئر بیس کو نشانہ بنا دیا ہے۔اخبار کے مطابق کسی نے کہا پاکستان کے دو طیارے مار گرائے، کراچی پورٹ پر بھی حملہ ہوگیا۔نیو یارک ٹائمز کے مطابق یہ دعوے حملوں کی تفصیلات و جزیات تک کے ساتھ پیش کیے گئے مگر یہ سب جھوٹ تھا، اخبار نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی چار روزہ لڑائی کے دوران جنگی ہیجان میں مبتلا بھارتی اینکرز اور مبصرین چیئر لیڈرز بنے ہوئے تھے۔امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق حب الوطنی کے بخار میں مبتلا بھارتی میڈیا نے یہاں تک کہہ دیا کہ پاکستان کی نیوکلیئر سائٹ سے تابکاری شروع ہو چکی، جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کیلئے ایٹمی سائٹ کے نقشے اور سیٹلائٹ تصاویر اسکرین پر دکھائی گئی۔
امریکی دفاعی تجزیہ کار کرسٹین فیئر نے پاکستان کے طیارے مار گرانے کا بھارتی دعویٰ بکواس قرار دے دیا۔
ایک پروگرام میں صحافی نے سوال کیا کہ بھارتی ایئر فورس کے ڈی جی ملٹری آپریشنز نے پاکستان کے کئی طیارے گرانے کا دعویٰ کیا، انہوں نے کہا ان کے پاس تعداد ہے لیکن وہ بتانا نہیں چاہتے، آپ اسے کیسے دیکھتی ہیں؟جواب میں کرسٹین فیئر نےکہا کہ وہ اسے ایک بکواس کے طور پر دیکھتی ہیں کیونکہ اس دعوے کی کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔امریکی دفاعی تجزیہ کار نے بھارتی میڈیا کے پاکستان کی 20 فیصد ایئر فیلڈز کو نقصان پہنچانے کی بھی تردید کی۔
Post your comments