پاکستان نے بھارتی فوج کی 6 مہار یونٹ کا بٹالین ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کردیا ہے، اس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی 6 مہار یونٹ آزاد کشمیر کی وادی لیپا کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں ہے۔اس سے قبل پاک افواج نے بھارت کے فضائی حملوں کا بھرپور جواب دیا۔ذرائع کے مطابق پاکستانی ایئر فورس نے ڈرون سمیت بھارت کے 6 طیاروں کو مار گرایا ہے جن میں فرانسیسی ساختہ جدید لڑاکا طیارے رافیل بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پاک فوج نے متعدد بھارتی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے جوابی حملے میں بھارتی فوج کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا ہے جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے ایل او سی کے جورا سیکٹر میں دشمن کی ایک اور پوسٹ تباہ کردی ہے، اس سے پہلے پانڈو سیکٹر میں بھارت کی چیک پوسٹ تباہ کی تھی۔لائن آف کنٹرول پر بھارت کی چھتری اور گفدار پوسٹ تباہ کی گئی، اسکے علاوہ بھی ایل او سی پر دشمن کی متعدد پوسٹیں تباہ کردی گئی ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کوٹ کٹھیرا سیکٹر میں دشمن کی سرلیا ون چیک پوسٹ تباہ کردی گئی، دشمن کی پوسٹ کو مارٹر گولے سے نشانہ بنایا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت کا پاک فوج اُسی کی زبان میں جواب دے رہی ہے، پاکستانی افواج کے جواب سے دشمن کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
بھارتی آفیشلز نے 3 طیاروں کے گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کردی۔
امریکی میڈیا کو انٹرویو میں بھارتی سیکیورٹی آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ 3 طیارے گر کر تباہ ہوئے ہیں لیکن ان کی وجوہات ابھی واضح نہیں۔معروف امریکی جریدے کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ ایک طیارہ بھارتی پنجاب میں اور ایک مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا، مقبوضہ کشمیر میں تباہ شدہ طیارے کے فیول ٹینک پر تجزیے میں سامنے آیا کہ یہ رافیل یا میراج طیارہ تھا، لیکن طیارے کے تباہ شدہ فیول ٹینک سے یہ معلوم نہيں ہوسکا کہ یہ ٹینک کسی ایسے طیارے کا تھا جو دشمن کی فائرنگ سے نشانہ بنا ہو۔امریکی جریدے نے یہ تبصرہ بھی کیا ہے کہ بھارت، پاکستان میں ایئر اسٹرائیک کرکے پہلگام حملوں کے بدلے کا دعویٰ تو کر رہا ہے لیکن ایسے شواہد بھی سامنے آرہے ہيں کہ بھارتی فورسز کو اس آپریشن میں بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے، جہاں کم از کم 2 طیارے تو مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ رات پاکستان پر حملہ کیا گیا جس کا پاکستان نے بروقت اور موثر جواب دے دیا اور رات کی تاریکی میں میزائل حملوں میں شہریوں کو نشانہ بنانے والے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔بھارتی جارحیت پر بریفنگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے خبردار کیا کہ پاکستان نے صرف اپنے دفاع کا حق استعمال کیا، بھارتی جارحیت کا جواب اپنے منتخب وقت، مقام، اور طریقے سے دیا جائے گا۔پاک فوج کی جوابی کارروائی میں برنالہ، شکر گڑھ اور کوٹلی سیکٹر میں بھارتی ڈرون اور متعدد کواڈ کواپٹر بھی تباہ کردیے گئے، ایل او سی پر بھی بھارتی اشتعال انگیزی کا جواب دیا گیا۔بھارتی فوج کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈ کوارٹر اور ایک بٹالین ہیڈ کوارٹر سمیت متعدد پوسٹیں تباہ کردی گئیں، بھاری نقصان اٹھانے کے بعد بھارت نے ایل او سی پر جورا، چکوٹھی اور وادی لیپا سیکٹر کی چیک پوسٹوں پر سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی۔
بھارت کی سرکاری نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کی مشرقی ریاست پنجاب میں امرتسر کے علاقے شری ہرمندر صاحب میں مکمل بلیک آوٹ کردیا گیا ہے۔
بھارت نیوز ایجنسی کے مطابق ڈسٹرکٹ انتظامیہ نے شہریوں کو حکم دیا ہے کہ وہ گھر میں رہیں اور باہر کی لائٹیں بھی بند رکھیں۔ ایک اور بھارتی میڈیا کے مطابق بلیک آوٹ کے سبب گولڈن ٹیمپل اندھیرے میں ڈوب گیا ہے۔دوسری جانب رپورٹس میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ڈرل کے بعد روشنیاں بحال کردی گئیں ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ رات بھارتی جارحیت کا پاکستان کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا۔پاکستان کی فضائیہ نے رات کی تاریکی میں میزائل حملوں میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے۔
کنٹرول لائن پر پاک بھارت افواج میں گولہ باری کا تبادلہ ‘
دونوں جانب سے شہریوں کا بڑی تعداد میں انخلاء ‘ بلااشتعال بھارتی حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے بھارتی ناظم الامور کو بدھ کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا جبکہ برطانیہ ‘ترکی اور جرمنی سمیت عالمی برادری نے پاکستان اور بھارت سے اپیل کی ہے کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں ۔ پاکستان اور آزاد کشمیر میں متعدد مقامات پر بلا اشتعال بھارتی حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرانے کے لئے بھارتی ناظم الامور کو بدھ کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہری شہید اور زخمی ہوئے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ بھارت کی جارحیت کی کھلم کھلا کارروائی پاکستان کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے۔ اس طرح کے اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور بین ریاستی تعلقات کو کنٹرول کرنے والے قائم کردہ اصولوں کے منافی ہیں۔ادھر برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان موجودہ کشیدگی تشویش کا باعث ہے۔بدھ کو ایک بیان میں ان کا کہناتھاکہ برطانوی حکومت انڈیا اور پاکستان پر زور دے رہی ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور آگے بڑھنے کا تیز اور سفارتی راستہ تلاش کرنے کے لئے براہ راست بات چیت کریں۔
لاہور اور سیالکوٹ کی حدود میں متعدد فضائی روٹ کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں، نوٹم جاری کردیا گیا۔
لاہور اور سیالکوٹ کے فضائی روٹس آج دوپہر 12 بجے تک بند رہیں گے، لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن میں فضائی روٹس کمرشل طیاروں کی پروازوں کیلئے بند کئے گئے ہیں۔سیالکوٹ ایئر پورٹ پر کمرشل طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف بھی دوپہر 12 بجے تک بند رہے گا۔
گھوٹکی میں پاک بھارت سرحد کے علاقے کھینجو میں ڈرون حملے میں زخمی ہونے والا کسان چل بسا جبکہ ایک زخمی کسان اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
اس حوالے سے ڈی ایس پی اوباڑو کا کہنا ہے کہ پاک بھارت سرحد کے علاقے کھینجو میں ڈرون گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس میں 2 کسان زخمی ہوئے تھے۔ذرائع نے بتایا کہ ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے کسانوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال لایا گیا تھا جس میں ایک کسان دورانِ علاج چل بسا۔ ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللّٰہ سومرو کا کہنا ہے کہ ڈرون گرنے کا واقعہ داد لغاری تھانے کی حدود میں پیش آیا ہے۔ڈاکٹر سمیع اللّٰہ سومرو نے کہا کہ داد لغاری کی نواحی گوٹھ میں دھماکے کی اطلاع پر پولیس پہنچی تو ڈرون کا ملبہ ملا، ڈرون کا ملبہ قبضے میں لے لیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ دھماکا صبح ساڑھے 8 بجے ہوا، صورتِ حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔دوسری جانب لاہور میں والٹن روڈ پر دھماکا سنا گیا ہے جس کے بارے میں ابتدائی اطلاعات ہیں کہ ڈرون سے 2 حملے کیے گئے ہیں۔دھماکے کی آواز گوپال نگر، نصیر آباد اور دیگر علاقوں میں بھی سنی گئی۔ریسکیو کے فائر ٹینڈر واقعے کی جگہ پر پہنچ گئے ہیں جبکہ پولیس دھماکے کی نوعیت کا معلوم کر رہی ہے۔
صوبہ پنجاب کے شہر گجرات کے علاقے ڈنگہ کے قریب کھیتوں میں ڈرون گرا ہے۔
پولیس کے مطابق ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں، ڈرون کا ملبہ اکٹھا کیا جارہا ہے۔عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ وہ ہوٹل پر بیٹھے کھانا کھارہے تھے کہ اچانک ایک دھماکا سنا جس کے بعد آسمان پر سرخ روشنی ہوگئی۔دوسری جانب لاہور اور سیالکوٹ کے حدود میں متعدد فضائی روٹ کمرشل پروازوں کے لیے بند کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھارتی فوج نے بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں دو مساجد شہید ہوئیں جبکہ حملوں میں دو بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 51 زخمی ہوئے۔
لاہور کے علاقے برکی اور والٹن میں دھماکے سنے جانے کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
ریسکیو اور فائر ٹینڈر واقعے کی جگہ پہنچ گئے ہیں جبکہ اس حوالے سے اطلاعات اکٹھی کی جارہی ہیں۔دوسری جانب گوجرانوالہ میں ڈرون مار گرایا گیا جس کا ملبہ نواحی گاؤں ٹوکریاں کے قریب کھیتوں سے ملا۔علاوہ ازیں چکوال میں ڈھمن کے علاقے میں دیوالیاں کے قریب گرنے والے ڈرون کا ملبہ پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے۔
بھارت کی ریاست اترا کھنڈ میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حادثے کی وجہ جاننے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تاحال حادثے کی وجہ معلوم نہیں کی جا سکی ہے۔
بھارت کو پاکستان کی جوابی کارروائی کا خوف ستانے لگا، اس نے ملک بھر میں16 ایئرپورٹس بند کردیے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت نے شملہ، بھوج، راج کوٹ، جیسلمیر، جودھپور، چندی گڑھ ، پٹھان کوٹ ایئرپورٹس کمرشل پروازوں کےلیے بند کردیے ہیں۔ذرائع کے مطابق بھارت نے پاکستانی جوابی کارروائی کے پیش نظر بھٹنڈا، دھرم شالہ، پور بند، جامن گڑھ، سری نگر اور لیہہ تھیوس ایئرپورٹس بند کردیے ہیں۔
Post your comments