خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 خوارج مارے گئے جبکہ کیپٹن سمیت 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، شہداء میں کیپٹن نعمان سلیم، حوالدار امجد علی، نائیک وقاص احمد، سپاہی اعجازعلی ، سپاہی محمد ولید اور سپاہی محمد شہباز شامل۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کرم کے علاقے دوگر میں بھارتی پراکسی فتنہ خوارج کے خلاف خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا ،سکیورٹی فورسزکی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 7 خوارج ہلاک مارے گئے، شدید فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن نعمان سلیم سمیت 6 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، شہدا میں حوالدار امجد علی، نائیک وقاص احمد، سپاہی اعجازعلی ، سپاہی محمد ولید اور سپاہی محمد شہباز شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن نعمان سلیم ایک بہادر اور نوجوان میڈیکل آفیسر تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر خوارج کے گروہ کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی، جہاں اہم خارجی کمانڈر بھی مارا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 اور 30 اکتوبر کی درمیانی شب آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے گروہ کی نقل و حرکت کو بروقت شناخت کیا اور دراندازی کی کوشش مؤثر انداز میں ناکام بنادی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں 4 خوارج ہلاک ہوگئے جن میں ہائی ویلیو ٹارگٹ خارجی سرغنہ امجد عرف مزاحم بھی شامل تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق خارجی سرغنہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔ حکومت نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔ سرغنہ امجد افغانستان میں رہ کر پاکستان میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔ یہ نور ولی کا نائب تھا۔
بلوچستان میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 18 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق 28 اور 29 اکتوبر کو بلوچستان میں 2 الگ الگ کارروائیاں کی گئیں۔ اس دوران کوئٹہ کے علاقے چلتن میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی یافتہ 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔علاوہ ازیں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیچ کے علاقے بلیدہ میں کیا گیا جہاں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے ان دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے، ہلاک کیے گئے یہ دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔کسی بھی بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد کو انجام تک پہنچانے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ملک سے غیرملکی سرپرستی و حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کو مکمل طور پر ختم کیا جاسکے۔ان آپریشنز سے متعلق صدرِ مملکت آصف زرداری نے فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ’عزمِ استحکام‘ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، سیکیورٹی فورسزکے عزم و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
 

 
        









 
                            






 
                            



 
                            


Post your comments