مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2غیر ملکیوں سمیت کم از کم 27افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، بھارتی میڈیا کےمطابق واقعہ پہلگام کے دور دراز پہاڑی علاقے میں سیاحتی مقام پر پیش آیا جہاں گھوڑوں کے ذریعے یا پیدل آمد ورفت ممکن ہے، واقعے کے بعد مقامی مسلمانوں نے زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کرنے میں مدد فراہم کی جبکہ بھارتی حکومت کی جانب سے ہیلی کاپٹرزبھی بھیجے گئے ، انڈین اخبار نے ایک سینئر پولیس افسر کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ حملہ سڑک سے دور گھاس کے میدان میں ہوا اور اس میں دو یا تین مشتبہ افراد ملوث تھے۔انڈین میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ مودی کی ہدایت پر مقبوضہ وادی پہنچ گئے ہیں ، حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق اور مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے سمیت کئی رہنماؤں نے حملے کی مذمت کی ہے ،میر واعظ نے ایک بیان میں کہا کہ کسی ایک بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، یہ مقبوضہ کشمیر کی تاریخ میں ایک اورخونی دن ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےبھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو فون کرکے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مکمل تعاون کا اعادہ کیا ہے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھارت کیساتھ اظہار یکجہتی کیا،بھارت کے دورے پر موجود امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتےہوئے متاثرہ خاندانوں کیساتھ اظہار تعزیت کیا ہے،سعودی عرب کےدورے پر موجود بھارتی وزیراعظم نریند مودی نے کہا ہے کہ اس واقعے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، انہوں نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’دہشت گردی سے لڑنے کا ہمارا عزم غیر متزلزل ہے اور یہ اور بھی مضبوط ہو گا۔انڈین اخبار کے مطابق نریندر مودی اپنا دورہ سعودی عرب مختصر کرکے منگل کی رات وطن واپس روانہ ہوگئے۔
بھارت نے تمام پاکستانیوں کے ویزے منسوخ کردیے اور 48 گھنٹے میں پاکستانی شہریوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔
نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کو سارک کے تحت ویزے بند کردیے گئے، تمام پاکستانیوں کے بھارتی ویزے منسوخ کردیے۔بھارتی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اٹاری واہگہ بارڈر بھی بند کردی گئی، پاکستانیوں کو ویزہ نہیں ملے گا، بھارت میں موجود پاکستانی 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑدیں۔بھارتی وزارت خارجہ نے انڈس واٹر معاہدہ بھی معطل کردیا۔
سعودی عرب نے مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر حملے کی مذمت کی ہے۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا گیا کہ حملے کے متاثرین اور ان کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔اس سے قبل پاکستان نے بھی مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں کے قتل پر اظہار افسوس کیا۔ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی نے کہا کہ ضلع اننت ناگ میں حملے میں سیاحوں کی ہلاکت پر تشویش ہے، پاکستان کی جانب سے ہلاک افراد کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں فائرنگ سے 26 سیاح ہلاک ہوئے، اسپتال نے پولیس کی تصدیق شدہ فہرست جاری کردی، ہلاک افراد میں بھارتی سیاحوں سمیت غیر ملکی سیاح، بھارتی بحریہ کا افسر اور ایک انٹیلی جنس بیورو کا اہلکار شامل ہیں۔حملہ آوروں کی تلاش کے لیے بائیسارن اور پہلگام کے علاقوں میں فوج اور پولیس نےسرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سعودی عرب کا دورہ مختصر کر کے فوری طور پر نئی دلی واپسی پہنچے اور ایئرپورٹ پر قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول، وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور خارجہ سیکریٹری وکرم مسری کے ساتھ ہنگامی میٹنگ کی۔نریندر مودی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے عزم کا اظہار کیا۔بھارتی سفیر کے مطابق سعودی ولی عہد نے ملاقات میں نریندر مودی سے حملے کی مذمت اور اس سلسلے میں مدد کی پیشکش بھی کی۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے آج وادی میں مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے۔امریکی صدر، اسرائیلی اور برطانوی وزرائے اعظم، روسی صدر، یو اے ای، یو این سیکریٹری جنرل کی جانب سے بھی حملے کی مذمت کی گئی ہے۔
Post your comments