مکمل سورج گرہن کے موقع پر کینیڈا کے شہر نیاگرا فالز میں لاکھوں افراد کی آمد متوقع ہے۔ نیاگرا فالز کے میئر جِم ڈیوڈاٹی نے سورج گرہن کا نظارہ کرنے کے لیے آنے والے سیاحوں کی آمد سے قبل شہر میں ہنگامی صورتِ حال نافذ کر دی ہے اور مقامی پولیس نے بھی ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی پلان تیار کیا ہے ۔ میئر کے مطابق نیاگرا فالز کی تاریخ میں پہلی بار سب سے زیادہ افراد جمع ہو رہے ہیں جو سورج جیسا لباس پہن کر عالمی ریکارڈ قائم کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر کے ہوٹلوں کے تمام کمرے بُک ہیں اور لوگوں نے پارکوں میں بھی کیمپ لگا لیے ہیں۔ میئر نے احتیاطی تدبیر جاری کرتے ہوئے تمام سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقررہ اوقات میں خاص عینکوں کے بغیر سورج کو نہ دیکھیں۔ یاد رہے کہ نیشنل جیوگرافک نے مکمل سورج گرہن کو دیکھنے کے لیے نیاگرا فالز کو بہترین مقام قرار دیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ رواں سال کا پہلا مکمل سورج گرہن آج ہوگا، جو پاکستان میں نہیں دیکھا جاسکے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سورج گرہن کا آغاز پاکستان کے وقت کے مطابق رات 8 بج کر 42 منٹ ہوگا جو رات 11 بج کر 17 منٹ پر اپنے عروج کو پہنچے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سورج گرہن کا اختتام 9 اپریل کی رات 1 بج کر 52 منٹ پر ہوگا، سورج گرہن یورپ کے مغربی حصے میں دیکھا جاسکے گا۔
Post your comments