تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ وزارتِ عظمیٰ کے لیے عمر ایوب ہمارے امیدوار ہوں گے۔اسد قیصر اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔اسد قیصر نے بانی پی ٹی آئی سے موجودہ سیاسی صورتحال اور اتحادیوں سےمتعلق بات کی۔انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں گے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ جے یو آئی، اے این پی، جماعت اسلامی اور قوم پرست جماعتیں سب سے بات کریں گے۔اسد قیصر نے کہا کہ 10ماہ بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے، بانی پی ٹی آئی نے عمر ایوب کو نامزد کیا ہے، وہی وزیراعظم ہوگا، بانی پی پی ٹی آج شام تک احتجاجی تحریک سے متعلق لائحہ عمل دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کے بدترین انتخابات ہیں، ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔اسد قیصر نے کہا کہ ہم کسی کو مستفعی نہیں کرائیں گے، ہم قانونی جنگ لڑیں گے، پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ایک دو دن میں بلائیں گے، اس پر بات چل رہی ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم امریکا کو ان کی ذمے داری کی یاد دلا رہے ہیں، چیف جسٹس سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ ملک میں قانون کو اوپر لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا لیڈر بانی پی ٹی آئی ہے اور اسی کا فیصلہ تسلیم کیا جائے گا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مجھے اسائنمنٹ دی گئی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو انگیج کروں، ٹاسک ملا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی تمام جماعتوں سے رابطہ کروں۔اسد قیصر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن، اے این پی، آفتاب شیرپاؤ، قوم پرست اور اسلامی جماعتوں سب سے رابطہ کریں گے، ہم چاہتے ہیں کہ مینڈیٹ چوری کے خلاف آپس میں مل کر حکمت عملی بنائیں۔اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بدترین اور دھاندلی زدہ الیکشن ہوا ہے، اس الیکشن کو نہ پاکستان میں کوئی مان رہا ہے نہ دنیا میں اس کی کوئی ساکھ ہے، عالمی سطح پر بھی اس الیکشن کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔
بیرسٹر سیف نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام امریکا کو دیدیا
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ امریکا نے آمروں کی یا پھر کرپٹ لوگوں کی سپورٹ کی ہے، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ امریکا الیکشن میں دھاندلی پر نظر رکھے اور آواز اٹھائے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ امریکا کا پاکستان کے الیکشن سے متعلق بیان کاسمیٹک قسم کا ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو خیبرپختونخوا میں اسپیکر کے لیے نامزد کیا گیا ہے، انتخابات پر جس طرح امریکا کو آواز بلند کرنی چاہیے تھی اس طرح نہیں کی۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ امریکا نے ہمیشہ ڈکٹیٹرز کی پشت پناہی کی اور کرپٹ لوگوں کو سپورٹ کیا، بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ امریکا کے پاس موقع ہے اپنی غلطیوں کا ازالہ کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا پوری دنیا میں جمہوریت کا دعویدار ہے اس پر اپنا کردار ادا کرے۔
Post your comments