پاکستان میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کل ہو گی، ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں امیدوار چنیں گے۔ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہے۔ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ 14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ ڈیوٹی دے گا۔
پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی
پولنگ صبح 8 سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی اور حلقے کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ ریٹرننگ افسر کے دفاتر سے جاری ہو گا، پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد جاری کیے جاسکیں گے۔ووٹ اصل قومی شناختی کارڈ پر ہی ڈالا جا سکے گا جبکہ ووٹ ڈالنے کے لیے زائد المیعاد قومی شناختی کارڈ بھی قابل قبول ہوں گے۔
16 ہزار 766 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار
ملک بھر میں 16 ہزار 766 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں، حساس ترین پولنگ اسٹیشنوں کے باہر فوج تعینات ہو گی۔پنجاب میں 5 ہزار 624 پولنگ اسٹیشن حساس ترین قرار دیے گئے ہیں جن پر فی پولنگ اسٹیشن پر 5 اہلکار ہوں گے جبکہ سندھ میں 4 ہزار 430 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں، یہاں فی پولنگ اسٹیشن پر 8 اہلکار ہوں گے۔خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 265 حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر 9 اہلکار فی پولنگ اسٹیشن پر ہوں گے جبکہ بلوچستان میں 1047 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں میں ہر پولنگ اسٹیشن پر 9 اہلکار ہوں گے۔
کتنی قومی اور صوبائی نشستوں پر پولنگ ہو گی؟
اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی 3 نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ پنجاب سے قومی اسمبلی کی 141 اور صوبائی کی 297 نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 اور صوبائی کی 130، خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی 45 اور صوبائی کی 115 جبکہ بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 اور صوبائی اسمبلی کی 51 نشستوں پر پولنگ ہو گی۔الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے 26 کروڑ بیلٹ پیپر چھاپے ہیں اور الیکشن کے دن ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
چار انتخابی حلقوں میں پولنگ ملتوی
چار انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی اموات کے باعث پولنگ ملتوی کی گئی ہے۔پی کے91 کوہاٹ 2 میں امیدوار عصمت اللّٰہ خٹک کے انتقال کے باعث پولنگ نہیں ہو گی جبکہ این اے 8 باجوڑ، پی کے 22 باجوڑ 4 میں امیدوار ریحان زیب کی موت پر کل پولنگ نہیں ہو گی جبکہ پی پی 266 رحیم یار خان 12 میں امیدوار اسرار حسین کے انتقال پر کل الیکشن نہیں ہو گا۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ متعلقہ حلقوں میں الیکشن عام انتخابات کے بعد ہوں گے، الیکشن کے بعد ان حلقوں کے شیڈول کا اعلان ہو گا۔
Post your comments