class="post-template-default single single-post postid-4314 single-format-standard kp-single-standard elementor-default elementor-kit-7">

قرآن کہتا ہے جو ظلم کرتا ہے اس کی پکڑ ہوگی، خطبہ حج

مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر ماہربن حمد نے خطبہ حج میں کہا ہے کہ اے لوگو، اللّٰہ اور اس کے رسولﷺ کی اطاعت کرو، قرآن کہتا ہے جو ظلم کرتا ہے اس کی پکڑ ہوگی۔

 مکہ مکرمہ میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کر دیا گیا ہے، ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانیوں سمیت 20 لاکھ سے زائد عازمین نے حج کا رکن اعظم ادا کیا۔

مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیتے ہوئے مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر ماہربن حمد نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے اپنے پیغمبر ﷺ کے احکامات پر عمل درآمد کا حکم دیا ہے، رسولﷺ کی اتباع کرنے والوں نے ہمیشہ ہدایت پائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللّٰہ پر توکل کرنے والوں کو دنیا اور آخرت میں کامیابی ملتی ہے، اللّٰہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، شیطان کے دھوکوں اور وسوسوں سے خود کو محفوظ رکھو، ارکان اسلام کی پیروی میں ہی ہدایت موجود ہے۔

خطبہ حج میں کہا گیا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے دین اسلام کو لوگوں کے لیے پسند کیا ہے، اے لوگو! مصیبتوں اور فساد سے دور رہو، اللّٰہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو رحمت بنا کر بھیجا، اسلام فحاشی اور برائی سے منع کرتا ہے، اسلام امانت میں خیانت سے منع کرتا ہے، کسی کا حق مت کھاؤ، شراب اور جوا شیطانی عمل ہے، جو مومنوں کو تکلیف دیتے ہیں کبھی فلاح نہیں پاسکتے، ایک دوسرے سے تعاون کرو، مدد کا جذبہ قائم کرو، اللّٰہ تعالیٰ گناہ معاف کر کے درجات بلند کرنے والا ہے۔

امام و خطیب شیخ ڈاکٹر ماہربن حمد کا کہنا ہے کہ تمام تعریفیں اللّٰہ تعالیٰ کے لیے ہیں، اللّٰہ تعالیٰ نے تفرقہ ڈالنے سے منع کیا ہے، تقویٰ اختیار کرنا چاہیے، کبھی بھی کسی معاملے پر کسی دوسرے معبود کو نہ پکارا جائے، مصیبت اور پریشانی میں اللّٰہ تعالیٰ سے رجوع کرنا چاہیے، حاکمیت اور حقیقی حکمرانی اللّٰہ تعالیٰ کی ذات کی ہے، اللّٰہ کی نافرمانی کرنے والا جنت میں داخل نہیں ہو سکتا، انسان اللّٰہ سے ڈر کر زندگی بسر کرے، ان باتوں سے رکنا چاہیے جس میں اللّٰہ کی ناراضی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بابرکت موقع پر اپنے، اپنے والدین اور احباب کے لیے دعائیں کریں، بالخصوص فلسطینی بھائیوں کے لیے دعا کریں جن پر مصیبت برپا ہے، دشمن کی شرانگیزی نے فلسطینیوں کا جینا محال کر دیا، دشمن ارض فلسطین میں خونریزی اور فساد برپا کرنا چاہتا ہے، دشمن فلسطینیوں کے لوگوں تک اشیائے ضروری، غذائی امداد،دوائیاں اور کپڑے پہنچنے نہیں دے رہا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہر مؤمن پانچ ضروری امور  کی پابندی کرے جس سے مخلوق کی سلامتی، زندگی کا استحکام، امن اور سلامتی کا قیام اور لوگوں کو مذہبی اور دنیاوی مقاصد کے حصول کو ممکن بنانے میں مدد گار ثابت ہو، شریعت نے ضروریات کی نشاندہی کی جس میں دین، جان، عقل، مال اور عزت کا تحفظ یقینی بنانا ہے، شریعت نے ان ضروری امور کو نقصان پہنچانے کی کوشش کو جرم قرار دیا۔

 شیخ ڈاکٹر ماہربن حمد نے کہا کہ شریعت نے ہر اس عمل کو سراہا جس سے زندگی اور ترقی کو فروغ ملے، شریعت نے دوسروں پر حملہ کر کے نقصان پہنچانے کی ممانعت کی، شریعت نے مفادات کے حصول اور فروغ، شرانگیزی سے دوری کی حوصلہ افزائی۔

خطبہ حج کا ترجمہ اردو سمیت 50 زبانوں میں نشر کیا گیا۔

خطبہ حج کے بعد حجاج نے نماز ظہر اور عصر کی قصر ادا کی، حجاج غروب آفتاب ہوتے ہی مزدلفہ روانہ ہوں گے، جہاں نماز مغرب اور عشاء قصر ادا کریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں اکٹھی کریں گے۔

اس سے قبل عازمین حج مناسک حج کے اگلے مرحلے میں میدان عرفات پہنچے تھے، عرفات میں فضا کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے فواروں کا استعمال کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ حج کی سعادت کے لیے دنیا بھر سے آئے 20 لاکھ عازمین حج میں ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانی بھی شامل ہیں۔

About the author /


Related Articles

Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Newsletter