ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا ہے کہ جنگوں کا فیصلہ سوشل میڈیا پر نہیں بلکہ میدانِ جنگ میں ہوتا ہے۔
ایک بیان میں ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ امریکی آپریشن کا نام ایپک فیوری کے بجائے ایپک فیئر ہونا چاہیے۔
دوسری جانب ایک بیان میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ علاقائی سلامتی کو پائیدار ہونا چاہیے، اسے باہر سے نافذ نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی ممالک کو بتایا تھا کہ خطے میں امریکی موجودگی سیکیورٹی کی ضمانت نہیں، پائیدار علاقائی سلامتی ضروری ہے، اسے باہر سے مسلط نہیں کیا جا سکتا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا ہے کہ خطے کے اسلامی ممالک مل کر معاشی اور سیکیورٹی سطح پر نیا علاقائی نظام قائم کریں گے، امریکی افواج کو خطے سے نکل جانا چاہیے۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ دشمن ہم پر اپنا منصوبہ تھوپنے میں ناکام رہا، ہم نے جو منصوبہ بنایا تھا اس پر عمل کیا۔
ایران کے شمال مشرقی علاقے میں جاسوسی کے الزام میں 10غیر ملکی افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ان افراد کو پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلی جنس ادارے نے کارروائی کے دوران حراست میں لیا ہے۔
گرفتار افراد پر حساس تنصیبات سے متعلق معلومات اکٹھی کرنے اور ممکنہ فیلڈ آپریشنز کی تیاری کا الزام ہے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کی قومیت کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔











Post your comments