وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ سے متعلق عوامی آگاہی کے لیے چلائی گئی مہم کی تفصیلات طلب کرلیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سست اقدامات کے باعث ایسے واقعات کا دوبارہ ہونا لمحہ فکر ہے، آئی بی ایم ایس نظام فوری طور پر نافذ کیا جائے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ 2023ء میں یونان کے اسی علاقے میں 262 پاکستانی جان سے گئے تھے، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کےلیے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھایا جائے۔دوسری طرف یونان کشتی حادثے کے بعد ایف آئی اے نے کارروائی کی اور مبینہ انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق ملزم نے یونان حادثے میں جاں بحق حاجی احمد سے 25 لاکھ روپے وصول کیے تھے، جس کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج ہے۔
یونان کشتی حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی مجموعی تعداد 40 تک پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق یونان میں 3 مختلف کشتی حادثوں میں مزید 35 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطاب یونانی کوسٹ گارڈ نے لاپتہ پاکستانیوں کی تلاش کا ریسکیو آپریشن ختم کردیا ہے، جس کے بعد تمام لاپتہ افراد کو مردہ تصورکیا جائے گا۔سرکاری ذرائع کے مطابق لیبیا میں ابھی بھی کم و بیش 5 ہزار پاکستانی موجود ہیں، یورپ جانے کے خواہشمند یہ افراد مختلف پاکستانی و لیبیا کے ایجنٹوں کے پاس ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ پاکستانی قانونی طور پر پاکستان سے ویزہ لے کر لیبیا پہنچے ہیں۔دوسری جانب فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے یونان کشتی حادثہ کے بعد کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پھالیہ سے مبینہ انسانی اسمگلر محمد حسن گرفتار کر لیا ہے۔
Post your comments