پاکستان کے اسجد اقبال ورلڈ 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے۔
منگولیا میں جاری 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے اسجد اقبال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں بھارت کے ملکیت سنگھ کو آؤٹ کلاس کر دیا۔پاکستانی کیوئسٹ نے بیسٹ آف الیون میں انڈین حریف کو ایک فریم بھی نہ جیتنے دیا۔مقابلے کا آغاز پہلے فریم میں اسجد اقبال کی 49-18 کی فتح کے ساتھ ہوا، جس کے بعد انہوں نے مسلسل بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرا فریم 38-34، تیسرا فریم 46-13، چوتھا فریم 40-31، پانچواں فریم 52-13 اور چھٹا فریم 45-0 کے واضح فرق سے جیتا۔ملکیت سنگھ اپنے حریف کے سامنے بے بس نظر آئے اور وہ ایک بھی بڑا بریک بنانے میں ناکام رہے، اس کے برعکس اسجد اقبال نے چھٹے فریم میں 40 کا بریک بھی بنایا اور یوں اسجد اقبال 6-0 کی کامیابی کے ساتھ فائنل میں پہنچ گئے۔اس سے قبل کوارٹر فائنل میں اسجد نے قبرص کے مائیکل جارگیو کو 5-2 سے شکست دی تھی۔
Post your comments