دبئی () 11 جنوری 2025 سے شروع ہونے والے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کے تیسرے ایڈیشن کی تیاریوں کے دوران کرکٹ کی مشہور شخصیات شعیب اختر اور وریندر سہواگ نے خطے سے ٹیلنٹ تیار کرنے اور کھلاڑیوں کو قیمتی تجربہ فراہم کرنے میں لیگ کے اہم کردار کو سراہا ہے دونوں لیجنڈز نے دبئی مرینا میں ایک کشتی پر منعقدہ سیزن 3 لانچ تقریب میں اس پر گفتگو کی۔
بھارتی بلے باز اور بھارتی کرکٹ کے لیجنڈ کھلاڑی وریندر سہواگ نے گزشتہ دو سیزن میں لیگ کے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’جب ہم ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کے گزشتہ دو سیزن پر نگاہ ڈالتے ہیں تو ہم دیکھ سکتے ہیں کہ بہت سے کھلاڑی، چاہے وہ متحدہ عرب امارات سے ہوں یا افغانستان جیسے دیگر ممالک سے انہوں نے آئی سی سی ٹورنامنٹس میں اپنی کارکردگی کو نمایاں طور پر بہتر کیا ہے۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کے کھلاڑیوں کو سیکھنے کے انوکھے مواقع فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے لئے جب یواے ای کھلاڑی دیگر 9 بین الاقوامی اسٹارز کے ساتھ کھیلتے ہیں تو انہیں ان تجربہ کار کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے لیگ کے وسیع تر اثرات پر بات کرتے ہوئے اپنے ساتھی کے بات کی تائید کی انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہیہ نہ صرف متحدہ عرب امارات بلکہ جی سی سی ممالک کے لئے ٹیلنٹ کی افزائش گاہ ہے۔ اس سے کرکٹ کو بہت مدد ملی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈی پی ورلڈ، منتظمین، براڈکاسٹرز اور امارات کرکٹ بورڈ کی جانب کی کوششیں زبردست ہیں۔ ان کے تعاون نے چیزیں آسان کردی ہیں۔
ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 سیزن 3 کا آغاز ہفتہ 11 جنوری 2025 سے ہوگا۔ 34 میچوں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ ایک ماہ تک جاری رہے گا جس کا فائنل اتوار 9 فروری 2025 کو کھیلا جائے گا۔
Post your comments