وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سعودی عرب کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان ہر وقت اور ہر مشکل گھڑی میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
وزیراعظم نے آج اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین علاقائی کشیدگی اور بعد ازاں بعض خلیجی ممالک پر ہونے والے افسوسناک حملوں کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی خطرناک ہیں اور صورتحال کو مزید بگاڑ سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے موجودہ صورتحال میں سعودی قیادت کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر حال میں، ہر وقت اور ہر مشکل گھڑی میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی ثابت قدم حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس نازک مرحلے پر تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ ماہِ مقدس رمضان المبارک کی برکتوں کے طفیل خطے میں جلد از جلد امن، استحکام اور ہم آہنگی قائم ہو۔
وزیراعظم کا امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے رابطہ
وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلیفون رابطہ کیا، وزیراعظم نے اسرائیلی حملے کے بعد خطرناک علاقائی کشیدگی کی مذمت کی۔
وزیراعظم نے ایران پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں خطے میں پیدا ہونے والی سنگین کشیدگی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ایران پر حملے کے بعد قطر سمیت دیگر خلیجی ممالک میں بھی افسوسناک حملے ہوئے۔
وزیراعظم نے اس صورتحال کو علاقائی امن و استحکام کے لیے نہایت تشویشناک قرار دیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے موجودہ بحران کے دوران قطر کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے امیر قطر کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے برادر ملک قطر اور اس کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
وزیراعظم کا اماراتی صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے رابطہ
وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ایران کے یو اے ای اور دوسرے خلیجی ممالک پر افسوس ناک حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
وزیراعظمم نے کہا کہ میں نے ابوظبی میں ایک پاکستانی شہری کی المناک موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ان مشکل حالات میں اپنے اماراتی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا، مسائل کا حل بات چیت، سفارت کاری اور باہمی احترام کے ذریعے ہی تلاش کیا جانا چاہیے۔ سفارت کاری سے مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے گا۔














Post your comments