سیکیورٹی زرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے نورخان ایئربیس چکلالہ سمیت تین ایئر بیسز پر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی، ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کے جواب کا انتظار کرے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا بریفنگ میں کہنا ہے کہ نور خان ایئربیس، مرید بیس اور شورکوٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں، بھارت نے فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغانستان پر بھی بھارت نے میزائل داغے ہیں، بھارت پورے خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے، بھارت پاکستان کے جواب کا انتظار کرے۔لاہور میں بھی بھارتی ڈرون مار گرایا گیا، لاہور کے نواحی علاقے نارنگ منڈی میں بھارتی ڈرون مار گرایا گیا ہے، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لاہور شہر میں کسی ڈرون کی پرواز نہیں ہوئی، کوئی دھماکہ نہیں ہوا ہے۔بھارتی ڈرون شیخوپورہ کےسرحدی گاؤں جےسنگھ والا میں مار گرایا گیا، ڈرون گرنے سے دھماکے کے بعد فصلوں کی باقیات کو آگ لگ گئی۔ڈرون گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اس سے پہلے 77 بھارتی ڈرون حملے ناکام بنا چکا ہے، بھارتی جارحیت کے جواب میں افواج پاکستان کی منہ توڑ کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت سکھوں کی آبادی کو ٹارگٹ کر رہا ہے۔ بھارت نے اپنے ہی ملک میں 6 بیلسٹک میزائل داغ دیے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے رات گئے ایک مختصر پریس بریفنگ میں کہا کہ بھارت کی اندرونی سازشوں کا شکار اقلیتی ہو رہے ہیں، ہماری ساری ہمدردی سکھوں کے ساتھ ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پانچ میزائل امرتسر اور ایک آدم پور میں گرا، بھارت کی حرکت بہت حیرت انگیز ہے۔
پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی نے پاکستان کی فضائی حدود 10 مئی کی صبح 3:15 سے دوپہر 12:00 بجے تک ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند کردی ہے۔
پاکستان نیوی نے دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ وہ دشمن کے کسی بھی مس ایڈونچر کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی طور پر بات کرتے ہوئے پاکستان بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی نیوی اگر پاکستان کی جانب میلی نگاہ سے بڑھے گی تو اسے بحیرہ عرب میں غرق کردیا جائے گا۔اس سے پہلے برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت نےسپر سانک کروز میزائل سے لیس اپنے جنگی جہاز پاکستان کی جانب روانہ کردیے ہیں تاکہ کراچی کی بندرگاہ کو نشانہ بنایا جائے۔اس بات کا بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارت کی جانب سے طیارہ بردار جہاز، ڈیسٹرائیرز، فریگیٹس اور اینٹی آبدوز جہاز روانہ کیے گئے ہیں جو کہ پاکستانی ساحل سے تقریب تین سو سے چار سو میل کے فاصلے پر ہیں، ان میں سے بعض روس کے بنائے گئے براہموس میزائل سے لیس ہیں جو کہ تین سو کلوگرام وار ہیڈ کےساتھ پانچ سو میل کے فاصلے سے ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے۔دوسری جانب برطانوی اخبار ٹیلی گراف کا کہنا ہےکہ بھارتی بحریہ کے بیڑے نے پاکستان کی طرف پیش قدم کی ہے تاہم سیکیورٹی زرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی بحریہ کا جہاز ابھی اس قدر قریب نہیں کہ پاکستان کو نشانہ بناسکے، تمام شہر اور شپنگ لین محفوظ ہیں، ماضی میں بھی بھارتی بحریہ کے جہازوں نے پیش قدمی کی مگر واپس جانا پڑا۔واضح رہےکہ پاکستان کی تجارت کا تقریباً ساٹھ فیصد حصہ کراچی کی بندرگاہ سے ہوتا ہے اور یہ شہر ملک کی تجارت کیلئے شہ رگ تصور کیا جاتا ہے۔پاک بحریہ کے ترجمان نےجیو کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پاک فضائیہ نے دشمن کو چاروں شانے چت کیا ہے اور وہ اپنے طیاروں کا ملبہ اپنے میڈیا کو دکھانے سے گریز کررہا ہے۔ اسی طرح افواج پاکستان کا دوسرا ونگ پاک بحریہ بھی اپنی صلاحیتیں دکھانے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
لاہور کے سرحدی علاقے میں شہری نے بھارتی ڈرون پرفائرنگ کردی، واقعے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ سرحدی علاقے میں ایک شہری بھارتی ڈرون پر فائرنگ کررہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی ڈرون پاکستانی حدود میں داخل ہوا تو مقامی شہری نے اس پر فائرنگ شروع کردی، شہری کی فائرنگ پر بھارتی ڈرون واپس چلا گیا۔ ذرائع کے مطابق بارڈر ایریا کے لوگوں کا کہنا ہے کہ جب بھی انہیں بھارتی ڈرون نظر آیا تو اسے نشانہ بنائیں گے۔
بھارت نے گزشتہ رات بھی پاکستان پر حملے کا دعویٰ کیا ہے، اس حوالے سے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا نے پاکستان کے مختلف شہروں پر حملوں کی جھوٹی خبریں چلائیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا اور صحافیوں کو بعد میں اپنے جھوٹی خبروں پر معافی مانگنا پڑی۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرف سے امرتسر یا سری نگر میں کوئی حملہ نہیں کیا گیا، تاہم 4 پروجیکٹائل بھارت سے فائر ہوئے، جن میں سے 3 امرتسر میں گرے۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارت نے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کا کوئی ثبوت نہیں دیا، بھارتی حکومت جھوٹی خبروں سے اپنے عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی صحافی بھی بھارتی میڈیا کو دیکھ کر پریشان ہو رہے ہیں، میڈیا کو یہ جھوٹی خبریں بھارتی حکومت کی طرف سے آتی ہیں۔سیکیورٹی ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان جب بھارت پر حملہ کرے گا وہ سویلین آبادی پر نہیں ہو گا۔
Post your comments