پاکستان نے ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کردی۔
ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجی حملے ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجی حملے اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، یہ حملےعلاقائی امن اور استحکام کے راستے کے لیے نقصان دہ ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حملے پہلے سے ہی عدم استحکام کا شکار خطے میں خطرناک حد تک کشیدگی میں اضافے کا باعث ہیں۔ترجمان نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل سے مطالبہ ہے بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے، اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل خطے میں اسرائیل کی لاپرواہی اور اس کے مجرمانہ رویے کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ان کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو بھی علاقائی امن و سلامتی کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
سعودی عرب کی جانب سے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے کہا ہے کہ ایران پر حملہ ملکی خود مختاری اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔سعودی عرب کا کہنا ہے کہ تمام فریقین تحمل اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کام کریں، عالمی برادری مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے خاتمے کے لیے ذمے داریاں پوری کرے۔
ملائیشیا نے اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کر دی۔
ملائشین وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملائیشیا 26 اکتوبر 2024ء کی علی الصبح اپران کے علاقے تہران، کرج، کاشان، مشہد اور شیراز میں اسرائیلی فوجی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ملائیشیاء کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ملائشین وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ ایران پر حملے علاقائی استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں، اسرائیلی حملوں نے خطے کو وسیع جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، اس سے ہونے والے نقصان کا تعین کیا جا رہا ہے۔وزارتِ خارجہ ملائیشیا نے اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری اس کشیدگی کو فوری ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی مسلسل جنگی کارروائیوں نے مشرقِ وسطیٰ کی سلامتی اور مستقبل کے استحکام کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ملائشین وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران میں مقیم ملائیشیا کے باشندوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور مقامی حکام کی طرف سے فراہم کردہ رہنمائی پر عمل کریں۔
سعودی عرب کے بعد قطر اور عمان نے بھی ایران پر ہونے والے اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کر دی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق قطر نے مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے علاقائی عدم استحکام سے بچنے کے لیے تحمل اور بات چیت پر زور دیا ہے۔قطری وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ریاستِ قطر ایران پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کرتی ہے، یہ حملے ایران کی سلامتی اور عالمی قوانین کے اصولوں کی کُھلی خلاف ورزی ہیں۔قطر نے اس کشیدگی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سنگین اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ سلامتی اور استحکام کو غیر مستحکم کرنے والے اقدامات سے گریز کیا جائے۔قطری وزارتِ خارجہ نے عالمی برادری سے درخواست کی ہے کہ اس کشیدگی خاص طور سے غزہ اور لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت کو ختم کرنے میں مؤثر اور تیز تر کردار ادا کریں۔دریں اثناء عمان کی وزارتِ خارجہ نے بھی ایران پر ہونے والے اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیلی حملہ ایران کی سلامتی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
Post your comments