فاسٹ بولر احسان اللّٰہ کے والد عبدالنصیر نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹے کا ری ہیب نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں کروا کر کیریئر کو ختم ہونے سے بچایا جائے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالنصیر نے کہا کہ سوات میں میرے بیٹے کی اچھی دیکھ بھال نہیں ہو رہی، اس کا ری ہیب این سی اے میں کیا جائے، کیونکہ سوات میں سہولتیں نہیں ہیں اور بہترین ڈاکٹرز بھی میسر نہیں ہیں۔عبدالنصیر کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سوات میں ری ہیب کا کہا، ان کے شکر گزار ہیں لیکن سوات میں سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے احسان کا کیریئر داؤ پر ہے، ڈائریکٹر اکیڈمیز ندیم خان سے ملاقات کر کے احسان کو این سی اے لانے کی درخواست کی ہے۔
لاہور میں احسان اللّٰہ کی کرکٹ اکیڈمی کے کوچ ملک نصر کا کہنا ہے کہ باقی انجرڈ کھلاڑیوں کی طرح احسان اللّٰہ کا ری ہیب این سی اے سے کروایا جائے، پی سی بی نے انجرڈ کھلاڑیوں کو مقامی ہوٹل میں بہترین رہائش بھی دی ہے، احسان اللّٰہ اس وقت پاکستان کا تیز ترین بولر ہے اس کا کیریئر داؤ پر لگا دیا ہے۔
واضح رہے کہ فاسٹ بولر احسان اللّٰہ ایک سال سے زائد عرصے سے کہنی کی انجری کا شکار ہیں اس دوران ان کا آپریشن بھی ہوا، انگلینڈ میں ان کا چیک اپ بھی کرایا گیا جس کے بعد پی سی بی کی ایک کمیٹی نے ان کی سرجری اور علاج پر سوالات اٹھائے اور پھر ان کے طویل ری ہیب کی تجویز دی، چیئرمین محسن نقوی نے اس معاملے پر ایکشن لیا اور ان کی مکمل دیکھ بھال کے احکامات دیے اور ان کا ری ہیب ان کے آبائی شہر سوات میں کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔
Post your comments