امریکی ریاست فلوریڈا کو صدی کے طاقت ور ترین سمندری طوفان ملٹن سے خطرہ ہے۔ تالاہاسی سے امریکی میڈیا کے مطابق 200 میل فی گھنٹہ ہواؤں کے ساتھ کیٹیگری 5 کے سمندری طوفان کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق شدت بڑھنے پر تاریخی طوفان نئی کیٹیگری 6 کی سطح پر جاسکتا ہے۔ دوسری جانب خبر ایجنسی کے مطابق فلوریڈا کے مغربی ساحلی علاقوں سے دس لاکھ سے زیادہ افراد کو انخلا کا حکم دیا گیا ہے۔ فلوریڈا کی مرکزی شاہراؤں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے ممکنہ متاثرہ علاقوں کے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، ساحلی علاقوں کے لوگ محفوظ مقامات پر چلے جائیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق طوفان کے خدشے پر سپر مارکیٹوں کے شیلفس اشیائے خور و نوش سے خالی ہوگئے۔ خبر ایجنسی کے مطابق سمندری طوفان بدھ کو فلوریڈا کے مغربی ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا۔ طوفان کے زیر اثر ساحلی علاقوں میں 12 فٹ اونچی لہریں اُٹھنے کا امکان ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں 15 انچ تک بارشیں ہونے کا بھی امکان ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق دو ہفتے پہلے فلوریڈا اور جنوب مشرقی ریاستوں سے سمندری طوفان ہیلین ٹکرایا تھا، جس کے نتیجے میں امریکا کی چھ ریاستوں میں دو سو سے زیادہ اموات ہوئی تھیں۔
Post your comments