class="post-template-default single single-post postid-6505 single-format-standard kp-single-standard elementor-default elementor-kit-7">

جشن میلاد النبیﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا

رحمت اللعالمین، خاتم النبیین، نبی کریم حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن آج مذہبی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔

شہر، شہر، گلی، گلی چراغاں، مساجد، بلند عمارتوں، بازاروں اور چوراہوں پر سبز پرچموں کی بہار ہے۔اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جشنِ عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر درود و سلام کی محفلیں سجاکر آقائے دو جہاں سے محبت کا اظہار کیا جارہا ہے۔کراچی میں شہریوں کی بڑی تعداد اس موقع پر قریہ قریہ ہونے والے چراغاں کو دیکھنے نکلی ہوئی ہے۔جگہ جگہ اسٹالز پر کہیں موئے مبارک کا دیدار کیا جارہا ہے تو کہیں مسجد نبوی اور خانہ کعبہ کے ماڈلز رکھے گئے ہیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں عاشقان رسولؐ نے محافل میلاد کا انعقاد کیا اور ریلیاں نکالیں۔لاہور میں بھی عید میلاد النبیﷺ  کے سلسلے میں مساجد، گھروں، سڑکوں، سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔میلاد النبیﷺ کی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے، ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔پشاور میں رحمت اللعالمینﷺ کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کے لیے نعت خوانی اور میلاد مصطفیٰ کی محافل کا انعقاد کیا گیا ہے۔کوئٹہ میں بھی جگہ جگہ چراغان کیا گیا ہے، محافل نعت اور میلادالنبیﷺ کے جلوس کا اہتمام کیا گیا۔راولپنڈی میں جشن میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں ہر سو رنگ و نور کی بہار ہے۔حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں عاشقان رسولﷺ نے ریلیاں نکالیں اور محافل نعت کا اہتمام کیا گیا۔پنجاب میں ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ میں بھی محافل کا اہتمام کیاگیا، بہاولنگر میں مشعل بردار ریلی نکالی گئی اور 92 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔دوسری جانب کراچی میں عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ریلیوں اور جلوسوں کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پوری امت مسلمہ بالخصوص پاکستانی عوام کو عید میلادالنبیؐ کی مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ امت مسلمہ اور پاکستان کو درپیش چیلنجز کا حل نبی اکرمؐ کی تعلیمات میں پنہاں ہے، اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک و قوم کی ترقی کے لیے کام کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاوّل وہ مبارک دن ہےجب اللّٰہ تعالی نےانسانیت کو ایک کامل ہدایت کا نور عطا کیا، حضرت محمدؐ کی زندگی، سیرت طیبہ اور کردار ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور اس کی روشنی رہتی دنیا تک ہرانسان کی زندگی کے لئے ہدایت کا ذریعہ رہے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نبی اکرمؐ کا ہر عمل اور فرمان اس بات کا مظہر ہے کہ انسانیت کو کس طرح محبت، رواداری اور انصاف کے اصولوں پر قائم رہ کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔آج کے مشکل دور میں ہمیں نبی کریمؐ کی سیرت کو پڑھنے، اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، امت مسلمہ اور پاکستان آج جن چیلنجز کا سامنا کررہے ہیں ان کا حل نبی اکرمؐ کی تعلیمات میں پنہاں ہے۔نبی کریمؐ نے ہمیں اتحاد، محبت اور بھائی چارے کی تلقین کی، یہی وہ اصول ہیں جو ہمیں معاشرتی اور اقتصادی مسائل سے نکال سکتے ہیں، نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے ہمیشہ کمزوروں، یتیموں اور ضرورت مندوں کی مدد کا درس دیا، آج کے دن ہمیں ان لوگوں کی طرف خاص توجہ دینی چاہیے جو غربت، بھوک اور مشکلات میں مبتلا ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نبی پاک صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے اس عمل کو اپنائیں جس میں وہ دوسروں کی مدد اور فلاح کے لیے کوشاں رہتے تھے، اس موقع پر ہمیں اپنے مظلوم فلسطینی اور کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، غزہ، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں معصوم لوگوں پر مظالم دل ہلا دینے والے واقعات ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی دل دہلا دینے والے واقعات ہیں، نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے ہمیشہ انصاف، آزادی اور حقوق انسانی کے تحفظ کی تعلیم دی، آج کے دن ہمیں ان مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حق میں اپنی آواز بلند کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ اللّٰہ تعالیٰ اہل فلسطین اور اہل کشمیر کو آزادی اور انصاف عطا فرمائے اور ان کی مشکلات کو دور کرے، ہمارا فرض ہے کہ ہم ان مظلوموں کے حق میں ہر فورم پر آواز اٹھائیں اور عالمی برادری کو ان کی حمایت پر آمادہ کریں۔

About the author /


Related Articles

Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Newsletter