دیر بالا میں طوفانی بارش اور کوہستان سے آئے سیلابی ریلوں کے بعد سیاحتی مقام کُمراٹ کا واحد زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، جس کے باعث سیکڑوں سیاح پھنس گئے اور انتظامیہ سے مدد کی اپیل کردی۔ کُمراٹ کے مقام خانہ بدوش پر گزشتہ رات 8 بجے سیلابی ریلے نے تباہی مچائی، 100 سے زائد افراد فیملی کے ساتھ پھنسے ہوئے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر بلال نصیر کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی ٹیمیں کُمراٹ کے متاثرہ مقام پر پہنچ چکی ہیں۔ جلد ہی مشینری کے ساتھ امدادی کارروائیاں شروع کردی جائیں گی۔ تحصیل چیئرمین کلکوٹ ضلع دیر بالا نے کہا کہ کُمراٹ کا زمینی راستہ ٹھیک ہونے میں دو سے تین دن لگیں گے، سیاحوں کو پیدل کُمراٹ کے علاقے سے نکالیں گے۔
بدین کی تحصیل گولارچی میں نوتکانی سیم نالے اور آسیلی سیم نالے میں 2 شگاف پڑ گئے۔ شگاف کے باعث متعدد دیہات، کپاس اور چاول کی فصلیں زیر آب آگئیں۔ محکمہ ڈرینیج اور علاقہ مکین شگاف کو پر کرنے میں مصروف ہیں۔ فوکل پرسن رین ایمرجنسی اور صوبائی وزیر برائے ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ شگاف کے مقام پر پہنچ گئے۔صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے شگاف پر کرنے کیلئے مشینری اور عملے کو طلب کرلیا۔ انھوں نے شگاف پر کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انکا کہنا تھا کہ ہم یہاں پر موجود ہیں متاثرین کو ریلیف فراہم کریں گے، زیادہ بارشوں سے مشکلات ضرور ہیں مگر حالات قابو میں ہیں۔
Post your comments