امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای شہید ہوگئے، ایران کے سرکاری میڈیا نے آیت اللّٰہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران بھر میں 7 روزہ تعطیل اور 40 روز کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایران کی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ان حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر کی بیٹی، داماد اور نواسی بھی شہید ہوئے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ زیر زمین بینکر میں تھے، آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کے کمپاؤنڈ پر 30 بم گرائے گئے۔ ایرانی سپریم لیڈر درجنوں ساتھیوں سمیت مارے گئے۔
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے مشرقِ وسطیٰ میں 27 امریکی فوجی اڈوں پر نیا حملہ کردیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اسلامی انقلابی گارڈ کور نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر بمباری کے جواب میں جوابی کارروائیوں کا چھٹا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر وسیع پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔
امریکا اسرائیل جان لیں ایرانی عوام اپنے لیڈر کا بدلہ ضرور لیں گے
ایرانی عدلیہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل جان لیں ایرانی عوام اپنے لیڈر کا بدلہ ضرور لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت جان لے کہ ان اقدامات سے مسلمانوں کے ارادے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
قبل ازیں سینئر اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا کہ حملوں کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی میت مل گئی ہے۔
برطانوی میڈیا نے بھی اسرائیلی حکام کے حوالے سے کہا کہ خامنہ اِی کی لاش ملی ہے۔
امریکی حکام نے بھی تصدیق کی کہ ہمیں یقین ہے کہ خامنہ ای اور 5 سے 10 اعلیٰ ایرانی رہنما کمپاؤنڈ پر اسرائیلی حملے میں مارے گئے ہیں۔
گزشتہ روز امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں میں 201 ایرانی شہری شہید اور 747 زخمی ہوئے تھے۔
سوگوار ہجوم تہران کے انقلاب چوک میں جمع ہونا شروع
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر سوگوار ہجوم تہران کے انقلاب چوک میں جمع ہونا شروع ہوگیا ہے۔
ایرانی شہری ملک کا قومی پرچم تھامے انقلاب چوک میں جمع ہورہے ہیں، جہاں سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کا غم منایا جارہا ہے۔
ایرانی فوج کا سپریم لیڈر کو شہید کیے جانے کا بدلہ لینے کا اعلان
ایرانی فوج نے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کو شہید کیے جانے کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق ایرانی فوج نے واضح کیا ہے کہ جارح کو سخت سزا دی جائے گی۔ وہ دیکھ لیں گے کہ انہوں نے کیا کیا ہے۔
سپریم لیڈر کی شہادت پر ایرانی حکومت کا بیان
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد ایرانی حکومت کا بیان سامنے آگیا۔
ایرانی حکومت نے اپنے بیان میں کہا کہ اللّٰہ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے۔’ظلم کرنے والوں کو پتہ چل جائے گا کہ انقلابی کون ہیں‘۔
عراق کے رہنما مقتدیٰ الصدر کی آیت اللّٰہ کی شہادت پر تعزیت
عراق کے رہنما مقتدیٰ الصدر نے اپنے پیغام میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کی۔
عراق کی صدر تحریک کے سربراہ نے رہبر انقلاب اسلامی کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے عالم اسلام کے نام ایک پیغام جاری کیا اور عراق میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
عراق میں مقدس روضوں پر انقلاب کی علامت سرخ لائٹیں روشن
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت پر عراق میں مقدس روضوں پر انقلاب کی علامت سرخ لائٹیں روشن کردی گئی ہیں۔
شہادت سے پہلے مقدس روزوں پر نارمل لائٹیں روشن تھیں تاہم جیسے ہی شہادت کی اطلاع ملی تو پہلے لائٹیں بند کردی گئیں اور پھر انقلاب کی علامت سرخ لائٹیں روشن کردی گئیں۔
بریگیڈیئر جنرل احمد واحدی پاسداران انقلاب اسلامی کا نیا کمانڈر انچیف مقرر
ایران میں بریگیڈیئر جنرل احمد واحدی کو ایران کی پاسداران انقلاب اسلامی کا نیا کمانڈر انچیف مقرر کردیا گیا ہے۔
سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای مارے جاچکے ہیں، امریکی صدر کا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای مارے جاچکے ہیں۔
اپنے سوشل میڈیا بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے آیت اللّٰہ خامنہ ای کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ایرانی عوام کے لیے اپنا ملک واپس لینے کا واحد سب سے بڑا موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ خامنہ ای کی موت نہ صرف ایرانی عوام بلکہ دنیا کے لیے انصاف ہے، اہداف کے حصول تک ایران پر شدید بمباری جاری رہے گی۔
امریکی صدر نے کہا کہ خامنہ ای ہمارے انٹیلیجنس اور ٹریکنگ سسٹم کو مات نہیں دے سکتے تھے، ہمارے اور اسرائیل کے مشترکہ کھوج کے سامنے وہ اور اسکے ساتھی کچھ نہیں کرسکتے تھے۔
سپریم لیڈر اور صدر مملکت پزشکیان خیریت سے ہیں، ایران
قبل ازیں ایرانی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا تھا کہ سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای اور صدر مملکت پزشکیان خیریت سے ہیں، سپریم لیڈر جنگ کی کمانڈ کررہے ہیں۔
آیت اللّٰہ خامنہ ای کے دفتر کا کہنا ہے کہ دشمن نفسیاتی جنگ کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔
اسرائیل کا ایک بار پھر ایران پر حملہ
اسرائیل نے ایک بار پھر ایران پر حملہ کردیا ہے، ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کے دارالحکومت تہران میں دھماکا ہوا ہے۔
تل ابیب میں اسرائیلی وزارت دفاع کی عمارت پر میزائل حملہ
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ تل ابیب میں اسرائیلی وزارت دفاع کی عمارت پر ایران نے میزائل حملہ کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق تل ابیب میں میزائل حملے کے بعد متعدد عمارتوں میں آگ بھڑک اُٹھی، حملے میں 20 افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
عراق کے شہر اربیل میں امریکی قونصل خانے پر میزائل حملہ
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ عراق کے شہر اربیل میں امریکی قونصل خانے پر میزائل حملہ کیا گیا ہے۔
دبئی ایئرپورٹ پر ایران کے میزائل حملے میں 4 افراد زخمی
دبئی ایئرپورٹ پر ایران کے میزائل حملے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔
دبئی میڈیا آفس نے دبئی ایئرپورٹ پر حملے کی تصدیق کردی ہے۔
اماراتی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ایران کے 132 میزائلوں کو تباہ اور 195 ڈرونز کو گرادیا گیا ہے۔
کچھ دیر قبل اماراتی وزارت داخلہ نے میزائل حملے سے متعلق نیا الرٹ جاری کیا تھا۔
اماراتی وزارت داخلہ نے رہائشیوں کے موبائل فونز پر سیکیورٹی الرٹ بھیجا اور کہا کہ رہائشی فوری طور پر شیلٹر میں چلے جائیں۔
یو این سیکرٹری جنرل کی ایران پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا چارٹر تمام رکن ممالک کو سیکیورٹی ضمانت دیتا ہے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ ایران کا ردعمل پورے خطے میں پھیل رہا ہے، پرامن حل کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں ہے۔
انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ ایران پر حملوں اور جوابی ایرانی کارروائی سے دنیا کا امن خطرے میں پڑگیا ہے، تمام فریقین کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے۔
ایران میں طالبات کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر افسردہ ہوں، ملالہ
نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ ایران میں متعدد طالبات کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر افسردہ ہوں۔
اپنے بیان میں ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ شہریوں خصوصاً بچوں کی اموات ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ خطے میں تشدد فوری بند کیا جائے۔











Post your comments