سعودیہ پر ایرانی حملے امن کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، کور کمانڈرز کانفرنس، شہباز کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، حملے کی مذمت

کور کمانڈرز کانفرنس نے ایران کے سعودیہ پر حملے غیر ضروری کشیدگی ہیں، یہ حملے تنازع کےحل کی مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچارہے ہیں، سعودی عرب پر حملے غیر ضروری کشیدگی، شدید مذمت ہیں، آپریشن غضبِ الحق پوری رفتار سے جاری رہیگا، جب تک کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ ہو اور افغان سرزمین کا پاکستان کیخلاف استعمال فیصلہ کن طور پر بند کر دیا جائے، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی پر تبادلۂ خیال کیا، وزیراعظم نے سعودی عرب پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی اور سعودی قیادت کے تحمل اور دانشمندی کو سراہا، دفتر خارجہ نے سعودی عرب کے آئل تنصیبات پر پر ایران کے حملے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا یہ سعودی عرب کی خودمختاری و سلامتی کی سنگین خلاف ورزی ہے،خطے کے امن کو نقصان پہنچانے والی خطرناک کشیدگی ہے، جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطی میں جاری جنگ کے خاتمے کیلئے حکومت کی بھرپور سفارتی کوششوں کو سراہاہے اور تحمل، مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیا اور اصولی سفارتکاری اور تعمیری روابط کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیاہے۔ منگل کو آئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے جنرل ہیڈکوارٹرز میں 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی۔ فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ان معصوم شہریوں کے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انکی بے مثال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انکی میراث پاکستان کی قومی سلامتی کی بنیاد ہے۔چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، عملی کارکردگی اور ملکی دفاع کیلئے غیر متزلزل عزم، نیز مسلسل انٹیلی جنس پر مبنی انسداد دہشت گردی کارروائیوں کو سراہا۔فورم نے داخلی و خارجی سکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارت اور دیگر بیرونی سرپرستوں کی ایما پرسرگرم تمام دہشت گرد عناصر، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کو بلا امتیاز اور مسلسل کارروائی کے ذریعے ختم کیا جائیگا۔فورم نے مشرقِ وسطی میں جاری جنگ کے خاتمے کیلئے حکومت کی بھرپور سفارتی کوششوں کو سراہا اور تحمل، مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیا ہے اور ساتھ ہی اصولی سفارتکاری اور تعمیری روابط کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ فورم نے سعودی عرب کے پیٹروکیمیکل اور صنعتی کمپلیکس پر حالیہ حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی اور انہیں غیر ضروری اشتعال انگیزی قرار دیا جو پرامن حل کی کوششوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔ فورم نے اس بات کو سراہا کہ شدید اشتعال انگیزیوں کے باوجود سعودی عرب نے اب تک تحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا جس سے سفارتی حل کی راہ ہموار ہوئی، تاہم اس طرح کی بلاجواز جارحیت جاری امن عمل کو متاثر کر سکتی ہے۔ فورم نے بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور حالیہ جعلی مقابلوں کو ماورائے عدالت قتل کو چھپانے کی کوشش قرار دیا۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *