امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان سیز فائر پر تیار ہوگئے ہیں۔ دونوں نے ہوش مندی اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کی ثالثی میں بھارت اور پاکستان فوری جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر رضا مندی ظاہر کر دی، پاکستان اور بھارت نے ہوش مندی اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا۔امریکی وزیرخارجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان اوربھارت وسیع تر مسائل پر کسی غیرجانبدار مقام پر مذاکرات کریں گے۔دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا بھی کہنا ہے کہپاکستان اور بھارت نے فوری طور پر سیز فائر پر اتفاق کر لیا۔
اس سے قبل وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اگر بھارت امن چاہے تو پاکستان بھی تیار ہے تاہم خبردار کیا کہ اگر کوئی ایک بھی اشتعال انگیز کارروائی دہرائی گئی تو پھر پاکستان بتائے گا کہ انتقامی کارروائی کیا ہوتی ہے۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ان کا امریکی وزیر خارجہ سے رابطہ ہوا جس میں مارکو روبیو نے کہا کہ کشیدگی کم کی جائے کیونکہ یہ صورتحال دنیا افورڈ نہیں کر سکتی۔خیال رہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے مسلسل جارحانہ اقدامات کا منہ توڑ جواب آپریشن بنیان مرصوص سے دے دیا ہے، آپریشن کے دوران بھارت میں10 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آدم پور، ادھم پور، بٹھنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ اور برنالہ کی ایئر بیسز اور فیلڈز کو تباہ کردیا گیا جبکہ بھارتی اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو، سرسہ اور ہلوارا ایئر فیلڈ بھی تباہ کر دی گئی۔
پاک بھارت جنگ بندی کے اعلان پر اقوامِ متحدہ، سعودی عرب، ایران، برطانیہ اور جرمنی نے خیر مقدم کیا ہے۔
پاک بھارت جنگ بندی کے اعلان پر اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ امید ہے پاک بھارت جنگ بندی پائیدار امن میں کردار ادا کرے گی۔ان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی سے دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر اور دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو گا۔سعودی نائب وزیرِ خارجہ عادل الجبیر نے نائب وزیرِ اعظم وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کر کے پاک بھارت جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کے فروغ میں سعودی عرب کے مثبت و تعمیری کردار کو سراہا ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا ایران نے بھی خیر مقدم کیا ہے۔ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک اس موقع کو کشیدگی میں کمی اور خطے کے پائیدار امن کےلیے استعمال کریں۔برطانیہ نے بھی پاکستان اوربھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے، اس حوالے سے برطانوی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ فریقین کشیدگی میں کمی برقرار رکھیں جو سب کے مفاد میں ہے۔جرمنی کے دفترِ خارجہ نے پاک بھارت جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا جنگ بندی پر رضامند ہونا کشیدگی سے نکلنے کی جانب پہلا اہم قدم ہے۔جرمن دفترِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشیدگی کے خاتمے کی کنجی بات چیت ہی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ خوشی ہے پاکستان اور بھارت فوری جنگ بندی پر رضا مند ہوگئے ہیں۔
واشنگٹن سے جاری بیان میں مارکو روبیو نے کہا کہ پچھلے 48 گھنٹوں سے میں اور نائب صدر جے ڈی وینس بھارتی اور پاکستانی حکام سے رابطے میں تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، قومی سلامتی مشیر عاصم ملک سے بات ہوئی۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، وزیر خارجہ جے شنکر اور قومی سلامتی مشیر اجیت ددول سے بھی بات ہوئی۔اُن کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ پاکستان اور بھارت فوری جنگ بندی پر رضامند ہوگئے ہیں۔مارکو روبیو نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک وسیع تر مسائل پر کسی غیر جانب دار مقام پر بات چیت کے لیے بھی رضامند ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعظم نریندر مودی کی دانشمندی، تدبر اور مدبرانہ قیادت قابل تعریف ہے۔
بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی ہوگئی ہے، دونوں طرف سے فوجی کارروائیاں بھی روک دی جائیں گی۔
وکرم مسری کا کہنا ہے کہ پاک بھارت جنگ بندی ہوگئی، پاکستانی وقت کے مطابق شام 4:30 بجے سے عمل درآمد ہو چکا ہے، پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر ملٹری آپریشن 12 مئی کو بات چیت کریں گے۔بھارتی سیکریٹری خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ فوری طور پر روکا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم ملٹری آپریشنز کے درمیان آج بات چیت ہوئی تھی، بات چیت میں دونوں طرف سے آج شام سے بری، بحری اور فضائی فائر بندی پر اتفاق ہوا تھا۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان سیز فائر پر تیار ہوگئے ہیں۔ دونوں نے ہوش مندی اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کی ثالثی میں بھارت اور پاکستان فوری جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر رضا مندی ظاہر کر دی، پاکستان اور بھارت نے ہوش مندی اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا۔امریکی وزیرخارجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان اوربھارت وسیع تر مسائل پر کسی غیرجانبدار مقام پر مذاکرات کریں گے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کیسے ہوا؟ امریکی صحافی نک رابرٹسن نے تفصیلات بتا دیں۔
امریکی صحافی کا کہنا ہے کہ کئی دنوں سے پوری دنیا بھارت، پاکستان کے درمیان سیز فائر کی کوشش کر رہی تھی، بھارت نے پاکستان کی ایئر بیسز پر حملہ کیا۔نک رابرٹسن نے کہا کہ بھارتی حملے کے بعد پاکستان نے بھارت پر نہ رکنے والے میزائلوں کی بارش کر دی، پاکستانی میزائل حملوں کے بعد بھارت مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور ہوا، پاکستان کے میزائل حملوں نے بھارت کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔امریکی صحافی کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے سعودی عرب، ترک حکام سے رابطہ کیا، سعودی اور ترک حکام سے رابطے کے بعد سفارتی طریقے سے معاملہ حل ہوا اور سیز فائر ممکن ہوا۔خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق کرلیا گیا ہے، جس کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور بھارتی حکام کی جانب سے کردیا گیا ہے۔نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت نے فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کر لیا، دونوں ملکوں کے درمیان شام ساڑھے4 بجے سے سیز فائر ہو گیا ہے۔جیو نیوز سے گفتگو میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سیز فائر کے لیے تیار ہیں اگر بھارت کوئی جارحیت کرے گا تو ہم جواب دیں گے، جن ممالک نے سیز فائر میں حصہ ڈالا ان کا مشکور ہوں۔نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تمام صورتِ حال میں امریکی وزیرِ خارجہ نے بھی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ 48 گھنٹوں سے میں اور نائب امریکی صدر پاکستان اور بھارتی اعلیٰ حکام سے رابطے میں تھے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اللّٰہ ربّ العزت کا شکر ہے کہ اس نے پاکستان کو سر بلند کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں نواز شریف نے کہا کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر سندھو اور افواجِ پاکستان کو شاباش اور مبارکباد دیتے ہیں۔میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور امن کو ترجیح دیتا ہے مگر اپنا دفاع کرنا بھی جانتا ہے۔
Post your comments