دین کی خاطر موسیقی کی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے سابق گلوکار اور مرحوم نعت خواں جنید جمشید کے بیٹے بابر جنید جمشید نے پہلی بار اپنے والد کی شادیوں پر کھل کر بات کی ہے۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں مرحوم جنید جمشید کے بیٹے بابر جنید جمشید نے بطور مہمان شرکت کی اور مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے اپنے مرحوم والد کی شادیوں پر بھی پہلی بار کھل کر بات کی۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے والد مرحوم جنید جمشید نے کُل 3 شادیاں کی تھی۔بابر جنید جمشید نے بتایا کہ میری معلومات کے مطابق میری والدہ کے علاوہ ان کی 2 بیویاں اور تھیں جن میں سے 1 کا انتقال والد کے ساتھ ہی طیارہ حادثے میں ہوا تھا، میری والدہ کے علاوہ دیگر دونوں بیویوں سے ان کی کوئی اولاد نہیں تھی، ہم صرف 4 بہن بھائی ہیں۔انہوں نے اپنے والد کے ساتھ ماضی میں ہونے والی ایک گفتگو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے یاد ہے کہ ایک بار انہوں نے مجھ سے پوچھا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ تمہارے باپ نے متعدد شادیاں کر رکھیں ہیں، لیکن تم مجھے بتاؤ کہ کیا کبھی میں نے تمہاری والدہ یا تم لوگوں کے ساتھ ناانصافی کی ہے؟ جس پر میں نے جواب دیا کہ نہیں بابا آپ نے اپنی تمام ذمے داریاں پوری کی ہیں اور ہمیں بہت پیار دیا ہے، یہ سن کر وہ مطمئن ہو گئے تھے۔واضح رہے کہ جنید جمشید 7 دسمبر 2016ء کو طیارہ حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔جنید جمشید نے کیریئر کے عروج پر گلوکاری اور موسیقی کو خیرباد کہہ کر خود کو تبلیغ کی راہ پر ڈالا اور پھر نعتیہ کلام پڑھ کر دل جیت لیے۔ان کا آخری سفر بھی دین کی تبلیغ کے لیے تھا اور انہوں نے اپنی زندگی کے آخری ایام چترال میں دینِ اسلام کی تبلیغ اور لوگوں کو حقیقی روشنی کی طرف آنے کی دعوت دیتے ہوئے گزارے تھے۔
Post your comments