سابق برطانوی وزیرِ اعظم ونسٹن چرچل کی اوٹاوا کے ایک ہوٹل سے چوری ہونے والی تصویر 2 سال بعد مل گئی۔
ونسٹن چرچل کا ’رورنگ لائین پورٹریٹ اوٹاوا کے فیئرمونٹ چیٹو لاریئر ہوٹل کو آرمینیئن نژاد کینیڈین فوٹوگرافر یوسف کارش نے تحفے میں دیا تھا۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ تصویر فوٹو گرافر یوسف کارش نے اس وقت لی جب دوسری جنگِ عظیم کے دوران 1941ء میں ونسٹن چرچل کینیڈا کی پارلیمنٹ سے خطاب کر رہے تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگست 2022ء میں فیئرمونٹ چیٹو لاریئر ہوٹل کے عملے نے نوٹ کیا کہ ہوٹل کے ریڈنگ روم میں لگی اصل تصویر چرا کر اس کی جگہ بالکل ویسی ہی نقلی تصویر لگا دی گئی ہے۔ اس حوالے سے اوٹاوا پولیس کا کہنا ہے کہ دو سال بعد عوامی تجاویز اور فرانزک تحقیق کی مدد سے مجرم کو ڈھونڈ لیا ہے۔اوٹاوا پولیس کے مطابق تصویر چوری کرنے والا 43 سالہ شخص اوٹاوا سے 370 کلومیٹر کے فاصلے پر مغرب میں رہتا ہے۔اوٹاوا پولیس نے بتایا ہے کہ یہ تصویر چوری ہونے کے بعد لندن کے ایک نیلام گھر میں پہنچی جہاں سے اسے اٹلی کے ایک شہری نے خریدا، نیلام گھر اور خریدار دونوں کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ یہ تصویر اوٹاوا سے چوری کی گئی ہے۔اوٹاوا پولیس کے مطابق ملزم کو اپریل میں گرفتار کیا گیا اور اس پر چوری، جعلسازی اور اسمگلنگ کے الزامات عائد کیے گئے۔دوسری جانب ہوٹل کی جنرل منیجر جنیویو ڈوماس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت خوش اور پُرجوش ہیں کہ یہ تصویر اپنے صحیح گھر فیئرمونٹ چیٹو لاریئر ہوٹل میں واپس لوٹ رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ پورٹریٹ ناصرف آرٹ کا ایک ناقابلِ تلافی کام ہے بلکہ ہمارے ہوٹل کی تاریخ کا ایک اہم حصّہ بھی ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ تصویر آئندہ چند ہفتوں میں ہوٹل کو واپس مل جائے گی جو اسے ایک بار پھر مہمانوں کے لیے نمائش کے لیے پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
Post your comments