بھارت کے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ 92 سال کی عمر میں چل بسے۔
منموہن سنگھ کی طبعیت خراب ہونے کے بعد انہیں دہلی میں آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ڈاکٹر منموہن سنگھ مسلسل دو بار بھارت کے وزیر اعظم رہے۔ انہوں نے 2004 سے 2014 تک ملک کی باگ ڈور سنبھالی تھی، وہ وزیراعظم بننے سے پہلے بھارت کے وزیر خزانہ اور فنانس سیکریٹری بھی رہے۔آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) اسپتال نے منموہن کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ “ہم گہرے رنج و غم کے ساتھ یہ اطلاع دیتے ہیں کہ ہندوستان کے سابق وزیر اعظم، ڈاکٹر منموہن سنگھ، 92 برس کی عمر میں چل بسے۔اسپتال کا کہنا ہے کہ منموہن کو طبی مسائل کا سامنا تھا اور 26 دسمبر 2024 کو اچانک بے ہوشی کی حالت میں انہیں گھر پر طبی امداد دی گئی تھی، جس کے بعد ایمرجنسی میں لایا گیا۔ تمام کوششوں کے باوجود، انہیں بچایا نہیں جا سکا اور رات 9 بج کر 51 منٹ پر انتقال کی تصدیق کی گئی۔ڈاکٹر منموہن سنگھ نے صحت کے مسائل کی وجہ سے حالیہ برسوں میں سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔ ان کی آخری عوامی تقریب جنوری 2024 میں ان کی بیٹی کی کتاب کی رونمائی تھی۔ انہوں نے اپریل 2024 میں راجیہ سبھا سے ریٹائرمنٹ لی۔سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ 26 ستمبر 1932 کو پاکستان کے ضلع چکوال میں پیدا ہوئے، تقسیم ہند کے بعد ان کا خاندان بھارت منتقل ہو گیا تھا۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی، کیمبرج یونیورسٹی، اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے معاشیات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔
Post your comments