معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین اور اداکار ذاکر خان کی اسپتال سے سامنے آنے والی ایک ویڈیو نے مداحوں کو پریشان کر دیا، یہ ویڈیو ان کے بھائی اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ارباز خان نے رمضان کے ایک ویلاگ میں شیئر کی ہے۔
بھارتی میڈیا پر زیرِ گردش ویڈیو میں ذاکر خان کو ممبئی کے لیلاوتی اسپتال کے ایک کمرے میں مریضوں کے لباس میں آرام کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ارباز خان نے اپنے ویلاگ میں اسپتال کے کمرے کا دورہ بھی کروایا اور اسے ’فائیو اسٹار ہوٹل جیسا‘ قرار دیا۔
ویلاگ کے دوران ذاکر خان کرکٹ میچ دیکھتے نظر آئے، جب ان سے طبیعت کے بارے میں پوچھا گیا تو اُنہوں نے مسکراتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور میچ پر توجہ مرکوز کر لی تاہم ان کی اسپتال میں داخلے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی ہے۔
اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے تشویش کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعائیں کیں۔
واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں ذاکر خان نے حیدر آباد میں اپنے شو کے دوران لائیو ٹورز سے طویل وقفہ لینے کا اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں اُنہوں نے ایک تقریب میں وضاحت دی تھی کہ اپنے ادھورے تحریری کاموں پر توجہ دینا چاہتا ہوں اور میری صحت زیادہ خراب نہیں بلکہ معمولی نوعیت کی ہے۔
ذاکر خان نے افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری صحت سے متعلق پھیلائی جانے والی باتیں بے بنیاد ہیں۔











Post your comments